صحافت میں ’سیاست ‘ کے 75 سالہ کامیاب سفر پر نیک تمنائیں ، مکتھل رکن اسمبلی وی سری ہری کے تاثرات
مکتھل ۔20 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اُردو صحافت میں پچھتر سالہ کامیاب سفر کی تکمیل کرتے ہوئے اُردو کا معروف روزنامہ سیاست نے جہاں ایک بڑا اعزاز حاصل کیا ہے وہیں اس کے اس پچھتر سالہ جشن کے پُرمسرت موقع پر اخبار کے جواں سال نیوز ایڈیٹر و ممتاز صحافی جناب عامر علی خان کی بحیثیت ایم ایل سی حلف برداری دراصل اخلاق کے جذبہ سے سرشار حقیقی عوام کی خدمت کرنے والوں کیلئے اس کا بہترین صلہ اور ایک خدائی عطیہ ہے اور خادمین کے لئے ایک پیام بھی ہے کہ صحیح خدمت کرنے والوں کو ہمیشہ اس کا انعام ضرور ملتا ہے ۔ رکن اسمبلی مکتھل مسٹر ومی سری ہری نے جناب عامر علی خاں کو ایم ایل سی بنائے جانے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان خیالات و احساسات کا اظہار کیا ۔ مسٹر سری ہری ایم ایل اے مکتھل نے سیاست نیوز بیورو مکتھل سے گفتگو کرتے ہوئے اخبار کے پچھتر سالہ جشن پر اپنی مسرت کا اظہار کیا اور کہاکہ سیاست اور اُن کے پورے خاندان کی تعلیمی ، ملی اور فلاحی خدمات کو میں جانتا ہوں اور مجھے مکتھل میں اُن کی طرف سے طلبہ و طالبات کیلئے رہنمائی کئے جانے والے سیاست کوسچن بکس کی تقسیم کا اعزاز حاصل ہے اور آج اخبار کا پچھتر سالہ جشن اور اُس کے نیوز ایڈیٹر عامر علی خان کو قانون ساز کونسل میں نمائندگی کا یہ موقع اُن کے اخبار کی صرف صحافت ہی نہیں بلکہ ہمہ جہتی میدان میں خدمات کا یہ بہتر اور زبردست صلہ ہے اور مجھے خوشی ہے کہ میری پارٹی کانگریس نے عوام کی حقیقی خدمت کرنے والوں کا اعتراف کرتے ہوئے اُنھیں صحیح مقام عطا کیا ہے ۔ مسٹر سری ہری رکن اسمبلی مکتھل نے سیاست اور اُن کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے جناب عامر علی خان کیلئے بطور خاص اپنی نیک تمنائیں پیش کی اور مکتھل سیاست کے نامہ نگار مولانا عبدالقوی حسامی سے خصوصی ملاقات کے ذریعہ اپنا یہ پیغام ارسال کیا اور اُنھیں بھی مبارکباد دی ۔ اس موقع پر جناب نورالدین نائب صدر ضلع کانگریس اقلیتی سیل ، جناب محمد حسام الدین صدر ٹاؤن کانگریس ، جناب محمد صادق ، جناب فیاض الدین و دوسرے موجود تھے ۔