جناب عامر علی خان کی حلف برداری پر نرمل میں جشن کا سماں

   

نرمل۔ 18؍اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ جناب عامر علی خان کی بحیثیت رکن قانون ساز کونسل حلف برداری کے ساتھ ہی متحدہ ضلع عادل آباد کے ادبی، سیاسی، صحافتی اور مذہبی رہنماؤں میں خوشی و مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ جناب عامر علی خان بحیثیت صحافی کمزور طبقات اور اقلیتوں کی آواز کو حکومت تک پہنچانے کا کام طویل عرصہ سے جاری ہے۔ ان کی خدمات کا گہرائی سے جائزہ لے کر انھیں سے پچھڑے ہوئے طبقات اور اقلیتوں کا کام لینے میں کانگریس نے بہت باریک بینی سے انھیں قانون ساز کونسل کا رکن گورنر کوٹہ میں نامزد کیا تو مخالفین نے ان کی مخالفت کرتے ہوئے عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ تاہم اِنصاف کی جیت ہوئی اور جناب عامر علی خان نے حلف بھی لے لیا۔ ان کی حلف برداری کی تقریب کے ساتھ ہی ان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے خوشی و مسرت کا اظہار کرنے دفتر ’سیاست‘ نرمل پر جمع ہوئے جہاں صدرنشین بلدیہ نرمل مسٹر جی ایشور بھی اپنے حامیوں کے ہمراہ پہنچے جب کہ حرکیاتی کانگریس کے نوجوان مسرس محمد ذیشان علی، ایم اے رمیز راجہ نے زبردست آتشبازی کی اور ایک دوسرے میں مٹھائیاں تقسیم کی۔ اس موقع پر محمد زاہد علی این آر آئی، جناب خواجہ منصور علی این آر آئی، عزیز احمد پٹیل، الحاج عبدالرحمن مالک مدینہ ہوٹل، سید کلیم صبا، ڈاکٹر محمد اظہرالدین، محمد الماس، محمد بہاء الدین کنٹراکٹر نے عامر علی خان صاحب کی قانون ساز کونسل میں بحیثیت رکن نامزدگی پر خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ریاست تلنگانہ کی اقلیتوں کے لئے جناب عامر علی خان ایک اُمید بن کر اُبھرے ہیں جو صحافی ایک اخبار کو تحریک کی شکل دیتے ہوئے برسوں سے ضرورت مندوں کی مدد، تعلیمی، سماجی، فلاحی خدمات کے ذریعہ اپنی ایک منفرد شناخت بنائی ہے، اب انھیں کانگریس کے پلیٹ فارم سے اور بھی زیادہ عوامی خدمات کی ان سے توقعات وابستہ ہیں۔ اس موقع پر سید جلیل ازہر سینئر اسٹاف رپورٹر ’سیاست‘ نے تمام احباب سے اظہار تشکر کیا۔ نرمل کے مختلف مقامات پر حرکیاتی قائد مسٹر محمد ذیشان علی کی جانب سے فلکسی لگائے گئے جو نرمل کے عوام کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ صدرنشین بلدیہ جی ایشور نے بھی جناب عامر علی خان کی نامزدگی پر بے انتہا خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔