تنخواہ ملت فنڈ کو عطیہ دینے کا بی آر ایس لیڈر الیاس قریشی نے خیرمقدم کیا
حیدرآباد ۔14۔نومبر (راست) بی آر ایس لیڈر الیاس قریشی نے جناب عامر علی خاں رکن قانون ساز کونسل کی جانب سے 10 ماہ کی تنخواہ کی مجموعی رقم 20 لاکھ روپئے سیاست ملت فنڈ میں بطور عطیہ پیش کرنے کا خیرمقدم کیا ۔ الیاس قریشی نے کہا کہ جناب عامر علی خاں نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ وہ ایم ایل سی رکن کی تنخواہ فلاحی کاموں میں خرچ کریں گے اور وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے 20 لاکھ روپئے کی رقم ملت فنڈ میں جمع کرتے ہوئے تلنگانہ کے دیگر عوامی نمائندوں کے لئے مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش اور پھر تلنگانہ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی رکن کونسل یا رکن اسمبلی نے اپنی مکمل تنخواہ فلاحی کاموں کے لئے بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ سیاست ملت فنڈ کے ذریعہ غریب مسلمانوں کی سماجی ، تعلیمی اور معاشی ترقی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جناب زاہد علی خاں کی سرپرستی میں ملت فنڈ کے علاوہ عابد علی خاں آئی ہاسپٹل اور غریبوںکیلئے کپڑا بینک کے ذریعہ خدمت انجام دی جارہی ہے۔ الیاس قریشی نے کہا کہ جناب عامر علی خاں نے تنخواہ کا عطیہ دیتے ہوئے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ غریبوں کی بھلائی کے معاملہ میں صرف زبانی نہیں بلکہ عملی اقدامات میں یقین رکھتے ہیں۔