جناب عامر علی خاں کا ڈی جی پی ڈاکٹر جتیندر سے ربط

   

جینورمیں قیام امن کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت پر زور

حیدرآباد۔/4 ستمبر، ( سیاست نیوز) جناب عامر علی خاں رکن قانون ساز کونسل نے ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر سے فون پر ربط قائم کیا اور آصف آباد ضلع کے جینور میں پیش آئے فرقہ وارانہ تشدد کے واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے جناب عامر علی خاں کو تیقن دیا کہ وہ صورتحال پر گہری نظر رکھیں گے اور ریاپڈ ایکشن فورس کو علاقہ میں تعینات کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر کمشنریٹ سے اضافی فورس طلب کرتے ہوئے جینور میں تعینات کیا جارہا ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے قانون ہاتھ میں لینے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کا تیقن دیا۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ پُرامن ماحول کو مکدر کرنے کی کوششوں کو سختی سے کچلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو مشورہ دیا کہ جینور میں قیام امن کے ساتھ ساتھ اقلیتوں پر حملہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔1