نظام آباد ۔ 20 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نیو ز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خان کے نظام آباد دورہ کے موقع پر رکن اسمبلی نظام آباد اربن مسٹر بیگالہ گنیش گپتا نے خیر سگالی ملاقات کی اور اس موقع پر سیاسی ، سماجی صورتحال پر تفصیلی طور پر بات چیت کی اور ریاستی حکومت کی پالیسیوں پر بھی تفصیلی طور پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر عامر علی خان نے روزنامہ سیاست کی جانب سے سیاسی ، سماجی ، ملی کارکردگی کے بارے میں بھی گنیش گپتا کو واقف کروایا ۔ اُردو زبان کے فروغ کیلئے روزنامہ سیاست کی جانب سے گذشتہ 75 سال سے انجام دئیے جانے والے کاموں کے بارے میں واقف کراتے ہوئے کہا کہ نظام آباد میں اُردو اکیڈیمی کے کمپیوٹر سنٹر گذشتہ کئی سالوں سے بند پڑے ہوئے ہیں اگر یہ کمپیوٹر سنٹر روزنامہ سیاست کے حوالے کرنے کی صورت میں روزنامہ سیاست کی جانب سے کمپیوٹر سنٹر کی کشادگی عمل میں لاتے ہوئے ادارہ کی نگرانی میں طلباء کو اُردو کمپیوٹر ٹریننگ دی جائے گی تاکہ خواہشمند افراد اس سے استفادہ کرسکیں ۔ مسٹر گنیش گپتا نے عامر علی خان کی تجویز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کمپیوٹر سنٹر کو سیاست کے حوالے کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ سے بات چیت کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے حیدرآباد آفس پہنچ کر اس خصوص میں تفصیلی طور پر بات چیت کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ اس موقع پر سینئر قائد و ٹی آرایس اسٹیٹ سکریٹری طارق انصاری ، ٹی آرایس سینئر قائد سجیت سنگھ ٹھاکر، فہیم قریشی کے علاوہ سیاست کا اسٹاف کے اراکین بھی موجود تھے ۔