ایم ایل سی بننے پر غریبوں کو مزید توقعات، مفتی الیاس احمد قاسمی کی مبارکباد
نرمل ۔20 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نرمل کی معروف شخصیت مفتی الیاس احمد قاسمی جو ریاستی حج کمیٹی کے رُکن بھی ہیں ساتھ ہی جمعیۃ العلماء کے اہم عہدہ پر فائز ہیں ، انھوں نے اپنے ایک بیان میں جلیل ازہر سے بات چیت کرتے ہوئے جناب عامر علی خاں کی بحیثیت قانون ساز کونسل حلف برداری پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ عامر علی خاں بحیثیت صحافی عوام کی فلاحی ، تعلیمی ، سماجی خدمات کا ایک شاندار ریکارڈ رکھتے ہیں ۔ تحفظات کے سلسلہ میں بھی انھوں نے سابق حکومت کو بارہا توجہہ دلائی تھی تاہم سیکولرازم کے تحفظ کے لئے انھوں نے اخبار کے ذریعہ اقتدار کی تبدیلی میں بہت نمایاں کردار فراہم کیا ۔ ہمیں پوری اُمید ہے کہ جناب عامر علی خاں صاحب اقلیتوں کے مسائل کی یکسوئی ساتھ ساتھ آئمہ موذنین کے دیرینہ مسائل اور اُردو مدارس کی ترقی کی جانب خصوصی توجہہ دیتے ہوئے ریاست میں اُردو کے جو بھی مسائل ہیں حل کرنے کی ممکنہ کوشش کریں گے کیونکہ اُن کی شخصیت میں غریب عوام کے لئے تڑپ ہم نے بہت قریب سے دیکھی ہے ۔ یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ روزنامہ سیاست اپنی عمر کے 75 سال کی تکمیل کرتے ہوئے ہر میدان میں غریب عوام کی فکر کرتا ہے۔ ہم دُعاگو ہیں کہ اﷲ جناب عامر علی خاں صاحب سے مسلمانوں کے مسائل کی یکسوئی کا کام لے ۔ میں اُن کو پھر ایک بار مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔