جنازہ سے واپسی کے دوران خوفناک سڑک حادثہ

   

حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 3 افراد جاں بحق ، دو شدید زخمی

یلاریڈی :۔ جنازہ میں شرکت سے واپسی کے دوران کاما ریڈی کے قریب پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے تین افراد ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے۔یہ و اقعہ منڈل سداشیونگر کے پدماجی واڑی چوراستہ قومی شاہراہ 44 پر پیش آیا ۔ منڈل گندھاری کے سیتائی پلی سے تعلق رکھنے والے پٹھان نواب خان نامی شخص کا انتقال ہوا۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے رشتہ دار سید چھوٹے میاں ، مسعود شریف ، محمد صادق ، محمد غوث ، نظام آباد کے منڈل اچم پیٹ سے تعلق رکھنے والی خیرالنساء بیگم ان کے جنازے میں شرکت کیلئے نظام آباد گئے اور حیدرآباد واپسی کے دوران ان کا آٹو پدماجی واڑی چوراستہ کے پاس حیدرآباد سے نظام آباد کی طرف جارہی کنٹینر ٹپر گاڑی نے تیزی کے ساتھ آٹو کو ٹکردیدی۔ اس حادثہ میں 55 سالہ سید چھوٹے میاں مقام حادثہ پر ہی ہلاک ہوگئے۔ آٹو میں موجود چار افراد شدید طور پر زخمی ہوگئے ۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی سب انسپکٹر شیکھر نے مقام حادثہ پہنچ کر تمام زخمیوں کو دواخانہ منتقل کیا ۔ شدید طور پر زخمی 45 سالہ محمد صادق اور 50 سالہ خیرالنساء بیگم علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کاآغاز کردیا ۔ قومی شاہراہ پر ذراسی غفلت بھی خطرے سے خالی نہیں ، مکمل چوکس رہنا ضروری ہے اس درد ناک حادثہ سے دونوں خاندانوں میں غیرمعمولی صدمہ ہوا ہے ۔