جنازے میں اسکارف پہن کر شرکت، گورنر نیویارک نے لاجواب کردیا

   

البانے ۔ 4 اگست (ایجنسیز) ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے امریکی سینیٹر ٹیڈ کروز نے نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل کو اس وقت تنقید کا نشانہ بنایا، جب انہوں نے ایک مسلمان پولیس افسر کے جنازے میں شرکت کے دوران اسکارف پہن کر مذہبی احترام کا مظاہرہ کیا۔ گورنر کیتھی ہوچل نے 31 اگست کو شہید پولیس افسر دیدار الاسلام کے جنازے میں شرکت کی اور مسجد میں داخل ہوتے وقت کالے رنگ کا اسکارف سر پر اوڑھا۔ اس پر سینیٹر ٹیڈ کروز نے سوشل میڈیا پر ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے طنزیہ طور پر ’’UM WUT‘‘لکھا۔ اس کے جواب میں کیتھی ہوچل نے سینیٹر کروز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی بااخلاق شخص مسلمان افسر کے عقیدے کا احترام کرے گا، اور شائستہ رہنما اس پولیس افسر کی قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔ نیو یارک میں 28 جولائی کو ایک مسلح شخص کی اندھا دھند فائرنگ سے پولیس اہلکار دیدار الاسلام سمیت 4 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا، جبکہ حملہ آور نے بھی خود کشی کر لی تھی۔