جناسینا سے حضورنگر میں کانگریس کی تائید کی اپیل

   

وی ہنمنت رائو کی جناسینا قائدین سے ملاقات، آر ٹی سی ہڑتال کی تائید
حیدرآباد۔ 4 اکٹوبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے آج حیدرآباد میں جناسینا کے دفتر پہنچ کر پارٹی قائدین سے ملاقات کی اور پون کلیان کے نام مکتوب حوالے کیا جس میں حضورنگر میں کانگریس کی تائید کی اپیل کی گئی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت رائو نے کہا کہ جناسینا کے نمائندوں نے حضورنگر میں پدماوتی ریڈی کی تائید کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پون کلیان حیدرآباد سے باہر ہیں اور واپسی کے ساتھ ہی پارٹی کی تائید کا اعلان کریں گے۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ جناسینا کی تائید سے کانگریس مزید مستحکم ہوگی اور پدماوتی ریڈی کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرپنچ فورم کے صدر کو گرفتار کرتے ہوئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے روک دیا گیا۔ انہیں نرمل جیل میں رکھا گیا ہے اور یہ کے سی آر کے ڈکٹیٹرشپ کا واضح ثبوت ہے۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں سے ناراض ہوکر سرپنچوں نے بڑے پیمانے پر پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن انہیں پولیس کے ذریعہ روک دیا گیا۔ حضورنگر میں سرکاری مشنری کے استعمال اور بھاری رقم خرچ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ہنمنت رائو نے کہا کہ ٹی آر ایس کسی بھی صورت میں کامیابی کا خواب دیکھ رہی ہے لیکن تلنگانہ کے عوام کانگریس کے حق میں فیصلہ دینے کا تہہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بی سی، ایس سی ایس ٹی اور اقلیتوں میں انتخابی مہم کے لیے وہ حضورنگر روانہ ہورہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کمزور طبقات کی کانگریس کو تائید حاصل ہوگی۔ ہنمنت رائو نے آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی تائید کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری بات چیت کے ذریعہ مطالبات قبول کرے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات جائز ہیں جو طویل عرصے سے زیر التوا ہیں۔ تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر نے آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ جو وعدے کیے تھے اقتدار میں آنے کے بعد ان سے انحراف کرلیا گیا۔