جنا سینا بھی جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں حصہ لے گی

   

گریٹر حیدرآباد میں پارٹی کی 10 لاکھ رکنیت 40 ڈیویژنس پر طاقتور موقف : پون کلیان
حیدرآباد :۔ فلم اسٹار سے سیاستداں بن جانے والے جنا سینا پارٹی کے سربراہ پون کلیان نے جی ایچ ایم سی کے انتخاب میں مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پون کلیان نے بتایا کہ پارٹی کے قائدین بالخصوص یوتھ ونگ کی جانب سے گریٹر حیدرآباد کے انتخابات میں مقابلہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے ۔ جس کو قبول کرتے ہوئے مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بہت پہلے ہی جنا سینا کی جانب سے کمیٹیوں کی تشکیل کردی گئی ہے اور وہ مختلف ڈیویژنس پر کام کررہے ہیں ۔ جنا سینا کی گریٹر حیدرآباد میں 10 لاکھ رکنیت ہے اور 40 سے زائد بلدی ڈیویژنس پر جناسینا طاقتور موقف رکھتی ہے ۔ واضح رہے کہ 2014 کے عام انتخابات سے قبل پون کلیان نے جناسینا نے پارٹی تشکیل دی تھی تاہم انہوں نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں مقابلہ نہیں کیا تھا ۔ اس وقت تلگو دیشم اور بی جے پی کی انتخابی مہم چلائی تھی ۔ 2018 کے دوران تلنگانہ میں منعقدہ اسمبلی و پارلیمنٹ کے انتخابات میں مقابلہ نہیں کیا تھا ۔ تاہم آندھرا پردیش میں کمیونسٹ جماعتوں سے اتحاد کرتے ہوئے مقابلہ کیا تھا جہاں انہیں بھی شکست ہوگئی تھی ۔ جس کے بعد آندھرا پردیش میں جنا سینا نے بی جے پی سے اتحاد کرلیا تھا ۔ گریٹر حیدرآباد کے انتخابات میں جناسینا اور بی جے پی میں اتحاد ہونے کا امکان ہے ۔ مگر دونوں جماعتوں نے سرکاری طور پر اس کا ابھی کوئی اعلان نہیں کیا ہے تاہم دونوں جماعتوں کے قائدین کی خفیہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔۔