’’جنتاکرفیو ‘‘کورونا وائرس کیخلاف طویل جنگ کا آغاز

,

   

لاک ڈاؤن کے دوران عوام اپنے گھروں میں رہیں:وزیراعظم مودی

نئی دہلی ۔ /22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جنتاکرفیو کے اختتام پر خوشی کا اظہار کریں اور کورونا وائرس کیخلاف طویل جنگ کیلئے تیار ہوجائیں ۔ ہم تمام متحد رہیں تو وائرس کا خاتمہ کرسکتے ہیں ۔ آج جنتاکرفیو کا اہتمام کرنے پر عوام کی ستائش کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ اس پہلے قدم کو کامیاب مت سمجھیئے بلکہ یہ وائرس کے خلاف طویل جنگ کی شروعات ہے ۔ ملک کے عوام نے ثابت کردیا ہے کہ ہم اگر ٹھان لیں تو مقابلہ کرسکتے ہیں ۔ بڑے سے بڑے چیلنج کو مل جل کر ختم کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے جن اضلاع میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے وہاں کے عوام سے کہا کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں ۔ مرکزی حکومت اور ریاستی حکومتوں کی ہدایت پر عمل کریں ۔ ان ریاستوں اور اضلاع میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے جہاں پر کورونا وائرس کے اثرات پائے جاتے ہیں ۔ عوام اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔ ملک کے دیگر حصوں میں رہنے والے لوگ بھی اپنے گھروں میں غیرضروری باہر نہ نکلیں ۔ اس ماہ دہلی ، ممبئی ، کولکتہ ، چینائی اور ممبئی کے بشمول 8 شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن کیا جارہا ہے ۔ /31 جنوری تک جن ریاستوں میں لاک ڈاون ہوگا ان میں مہاراشٹرا ، کیرالا ، دہلی ، تلنگانہ ، گجرات ، ٹاملناڈو ، پنجاب ، جموں و کشمیر ، لداخ ، مغربی بنگال ، چندی گڑھ ، چھتیس گڑھ ، ہماچل پردیش ، مدھیہ پردیش ، اڈیشہ ، پاڈوچیری اور اتراکھنڈ شامل ہیں ۔ آج کا جنتاکرفیو مکمل طور پر کامیاب رہا ۔ سارے ملک میں ایک خاموشی چھائی رہی ۔ انڈین کرکٹر روی چندرن اشوین نے وزیراعظم نریندر مودی کے اقدام کی ستائش کی اور کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف ملک کی لڑائی میں ساری عوام شامل ہوگئی ہے ۔ کئی کھلاڑیوں نے بھی وزیراعظم مودی کے اقدام کی ستائش کی ہے ۔