جنتا دل سیکولر سے اخراج کے خلاف سی ایم ابراہیم عدالت سے رجوع ہوں گے

   

باپ، بیٹے نے پارٹی کو پارٹنر شپ کمپنی بنادیا، مسلمانوں کے ووٹ سے کامیاب ہوکر مسلمانوں کو دھوکہ، سابق مرکزی وزیر کا ردعمل

حیدرآباد۔/22 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) جنتا دل سیکولر کا داخلی تنازعہ اس وقت شدت اختیار کرگیا جب سابق وزیر اعظم اور پارٹی کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کرناٹک کے ریاستی صدر سی ایم ابراہیم کو پارٹی سے خارج کرتے ہوئے اپنے فرزند ایچ ڈی کمارا سوامی کو عبوری صدر مقرر کردیا ہے۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے کے ساتھ مفاہمت کے فیصلہ کے خلاف سی ایم ابراہیم اور دیگر قائدین نے آواز بلند کی تھی۔ سی ایم ابراہیم کے مخالفانہ رویہ کو دیکھتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی گئی جس پر مسلمانوں میں سخت ناراضگی دیکھی جارہی ہے۔ سی ایم ابراہیم نے پارٹی صدارت سے اخراج کو غیرقانونی قرار دیا اور کہا کہ وہ اس فیصلہ کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔ سی ایم ابراہیم کا کہنا ہے کہ پارٹی کے ارکان نے انہیں صدر منتخب کیا ہے اور صدارت سے ہٹانے کیلئے دو تہائی ارکان کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کی پیشکشی اور پارٹی اجلاس کی مخالفت میں ووٹ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنتا دل سیکولر باپ، بیٹے کے سوا کچھ نہیں ہے اور دیوے گوڑا کا یہ فیصلہ بچوں کی محبت میں کیا گیا فیصلہ ہے۔ سابق وزیر اعظم نے خود کو ابن الوقت ثابت کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں باپ‘ بیٹے کے ہاتھوں قید ہیں اور یہ صورتحال پارٹی میں پھوٹ پیدا کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ باپ، بیٹا اور بھائیوں نے ملکر انہیں صدارت سے علحدہ کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ پارٹی کے دستور کے مطابق ارکان کو یہ فیصلہ کرنا ہے۔ سی ایم ابراہیم نے ان کے اخراج سے متعلق قرارداد اور اس پر دستخط کرنے والوں کے ناموں کو منظر عام پر لانے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی سے مفاہمت کی بات کرنا کمارا سوامی کے اختیار میں نہیں ہیں کیونکہ وہ صرف پارٹی کے ایک رکن اسمبلی ہیں۔ ریاستی صدر کی حیثیت سے مفاہمت کی بات چیت کا اختیار مجھے حاصل ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ 20 ہزار مسلمانوں کی تائید سے کامیابی کے باوجود کمارا سوامی نے مسلمانوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے 800 برس تک لال قلعہ سے حکمرانی کی لیکن ہندو مسلم اتحاد کو برقرار رکھا۔ مسلمانوں کی ملک میں مجموعی آبادی 25 فیصد ہے جو مسلم حکمرانوں کی رواداری کا ثبوت ہے۔ سی ایم ابراہیم نے اپوزیشن اتحاد انڈیا کی تائید کا اعلان کیا اور کہا کہ نتیش کمار اور شرد پوار نے ان سے بات چیت کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سی ایم ابراہیم نے کہا کہ وہ نہ صرف قانونی لڑائی لڑیں گے بلکہ الیکشن کمیشن کو بھی مکتوب روانہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باپ، بیٹے نے جنتا دل سیکولر کو پارٹنر شپ کمپنی میں تبدیل کردیا ہے۔