جنتا کرفیو میں احمقانہ جشن ‘ ہندوستان کیلئے پریشان کن

   

سڑکوں پر ہجوم کے رقص اور کورونا گربا پر بالی ووڈ اداکاروں کی تنقید

ممبئی ۔ 23 ؍ مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کے متعدد اداکاروں نے جن میں سونم کپور ‘ رچا چڈھا‘ نمرت کور اور دوسرے بھی شامل کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر سماجی فاصلہ (ہجوم سے دوری) اختیار کرنے مرکز کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی کے ساتھ اتوار کی شام سڑکوں پر جنتا کرفیو کا جشن منائے جانے کی مذمت کی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی کی تحریک و مساعی پر گذشتہ روز جنتا کرفیو منایاگیا جس کا مقصد خوفناک وباء کوویڈ ۔ 19 کے خلاف جاری جنگ میں طبی خدمات اور دیگر ہنگامی خدمات فراہم کرنے والوں سے اظہار تشکر کے ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے عوام کو اپنے گھروں کے باہر نکل کر یا گھروں کے چھتوں یا بالکونی پر پہنچ کر تالی بجاتے ہوئے اظہار تشکر کرنے کا مشورہ دیا تھا ۔ لیکن شام ہوتے ہی سوشیل میڈیا پر ویڈیو کلپس کا جیسے سیلاب امڈ آیا جس میں کئی افراد سڑکوں پر جمع ہوگئے ۔ وہ پلیٹس بجاتے ہوئے سڑکوں پر ناچنے لگے تھے ۔ کئی مقامات پر بڑی ریلیاں نکالی گئی اور حتی کہ کورونا گربا کا اہتمام کیا گیا ۔ جس پر اسٹیج باکس کی اداکارہ نمرت کور نے کہا کہ ملک کے کئی حصوں میں کورونا وائرس کے خاتمہ کے جشن کے طور پر جس طرح سرکس دیکھی یہ ہندوستان کے لئے ڈر و خوف وپریشانی کی ایک اہم وجہ ہوسکتی ہے ۔ انوبھاؤ۔۔۔ سنہا نے وزیراعظم کے ایک ٹوئیٹ کے جواب میں لکھا کہ شکریہ صاحب ‘ یہ لوگ (جشن منانے والے) آپ کی ڈانٹ کے مستحق بھی ہیں ۔ فلمساز کرن جوہر نے بھی سماجی فاصلہ کی برقراری پر زور دیا ۔