نارائن پیٹ۔/22مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ضلع میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے مرکزی و ریاستی حکومت کی جانب سے 22مارچ کو ’جنتا کرفیو ‘ کے اعلان پر صدفیصد عمل آوری کی گئی ، ضلع کے تمام اہم تجارتی مراکز، مکتھل، کوسگی، مریکل، مدور، دھنواڑہ وغیرہ سے اطلاعات کے مطابق جنتا کرفیو صدفیصد کامیاب ہوا۔ تمام ضلع میں پٹرول بنکس، سینما تھیٹرس ، تجارتی ادارے ، بازار ، آر ٹی سی بسیں، آٹوز، لاریاں وغیرہ بند رہے۔ نارائن پیٹ اور کرناٹک سرحد پر پولیس چوکیاں قائم کی گئی تھیں جہاں میڈیکل عملہ سرحد سے نارائن پیٹ ضلع میں داخل ہونے والے تمام افراد کا میڈیکل چیک اپ کیا، ایس پی ضلع نارائن پیٹ محترمہ ڈاکٹر ایم چیتنا ( آئی پی ایس ) نے نارائن پیٹ اور ماگنور چیک پوسٹ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مستقر کے علاوہ اہم مقامات کا بھی دورہ کیا اور بائیک اور گاڑیوں میں سفر کرنے والوں کو روک کر استفسارات کئے اور غیر ضروری باہر نہ نکلنے کی ترغیب دی۔ آر ڈی او نارائن پیٹ مسٹرچیرلہ سرینواسلو نے بھی غیر ضروری باہر نکلنے والوں سے گاڑیاں روک کر گفتگو کی ۔ پولیس ملازمین نے ضروری کاغذات کی جانچ کی اور بعض مشتبہ گاڑیوں کو ضبط کیا۔ جنتا کرفیو کے سبب ہر طرف سناٹا اور سڑکیں سنسان دکھائی دے رہی تھیں۔لوگ جنتا کرفیو کو کامیاب بنانے کے لئے اپنے گھروں میں بند رہنے کو ترجیح دی۔ ضلع کلکٹر نارائن پیٹ محترمہ داسری ہری چندنا اور ایس پی، محترمہ ڈاکٹر ایم چیتنا نے ضلع کے عوام سے اظہار تشکر کیا کہ انہوں نے حکومت کی پہل پر جنتا کرفیو کو کامیاب بنایا ۔ جنتا کرفیو کی کامیابی پر نارائن پیٹ کے مسلمانوں نے بھی …… اپنی چھتوں سے اذانیں دی۔