جنرل اسمبلی اجلاس ،الشرع کی ٹرمپ سے ملاقات کا امکان

   

واشنگٹن ۔ 9 ستمبر (ایجنسیز) ذرائع کے مطابق امریکہ نے شامی صدر احمد الشرع کو ویزا جاری کر دیا ہے، جس کے تحت وہ 21 سے 25 ستمبر تک نیویارک کا دورہ کریں گے تاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں شرکت کر سکیں۔ انڈیپنڈنٹ عربیہ نے ذرائع سے رپورٹ کیا ہے کہ الشرع 24 ستمبر کو باضابطہ خطاب کریں گے، اور ان کے ساتھ شامی وزیرِ خارجہ اسعد الشیبانی اور شام کے اقوام متحدہ میں مندوب ابراہیم العلب بھی موجود ہوں گے۔مزید یہ کہ الشرع کی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ممکنہ ملاقات بھی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ، ان کا ترک صدر رجب طیب اردغان کے ساتھ “ترک ہاؤس” کا دورہ بھی شامل ہے، یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب سعودی عرب اور ترکی شام کی سفارتی حمایت اور اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے کوششیں تیز کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ 60 سال بعد کسی شامی صدر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے یہ پہلا خطاب ہو گاامریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور احمد الشرع کے درمیان پہلی ملاقات 14 مئی کو ریاض میں ہوا تھا۔ یہ گذشتہ 25 برسوں میں دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان پہلا رابطہ تھا۔اس موقع پر صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ شام پر عائد پابندیاں ختم کرنا شروع کرے گا، وہ پابندیاں جو حافظ الاسد اور پھر ان کے بیٹے بشار الاسد کے دور میں کئی دہائیوں تک جاری رہیں۔بعد ازاں، امریکی وزارت خزانہ نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے تحت شام سے متعلق وہ سرگرمیاں بھی قانونی قرار دے دی گئیں جو اس سے پہلے ممنوع تھیں۔