کابل ۔ 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کابل میں افغانستان کے صدر اشرف غنی سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق اور آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔افغانستان کے صدر کے دفتر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل باجوہ اور صدر غنی نے افغان امن عمل پر مشاورت کی۔دونوں رہنماؤں نے اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔پاکستان کے ا?رمی چیف نے کہا کہ پاکستان، خود مختار اور جمہوری افغانستان کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا۔افغانستان کی اعلٰی کونسل برائے قومی مفاہمت کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے بھی پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔اپنی ٹوئٹ میں عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ افغانستان میں قیام امن خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ امن معاہدے پر عمل درآمد اور بین الافغان مذاکرات کے جلد آغاز سے ہی افغانستان میں قیام امن کے اس سنہری موقع کے فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔