جنرل سکریٹری اے آئی سی سی طارق انور نے ہنمنت راؤ کی عیادت کی

   

حیدرآباد۔7 ۔جولائی (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی طارق انور نے آج اپولو ہاسپٹل پہنچ کر سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کی عیادت کی جو گردہ کے عارضہ کے سبب زیر علاج ہیں۔ طارق انور نے کانگریس پارٹی کے لئے ہنمنت راؤ کی خدمات کی یاد تازہ کی اور امید ظاہر کی کہ وہ جلد صحت یاب ہوکر تلنگانہ میں کانگریس کو اقتدار میں واپس لانے کیلئے سرگرم ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی اور سابق صدر راہول گاندھی نے بھی عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔ طارق انور نے کہا کہ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے صدر کانگریس کو ہنمنت راؤ کی صحت کے بارے میں واقف کرایا۔ کانگریس کے دیگر قائدین کی جانب سے ہنمنت راؤ کی عیادت کی گئی ۔ ہنمنت راؤ نے امید ظاہر کی کہ سونیا گاندھی کی جانب سے تشکیل دی گئی نئی کمیٹی تمام قائدین اور طبقات کو ساتھ لے کر کام کرے گی ۔