اسلام آباد۔ 10 اگست (ایجنسیز) پاکستانی فوجی سربراہ عاصم منیر نے مختصر عرصہ میں دوسری مرتبہ واشنگٹن کا دورہ کیا اور اعلیٰ امریکی سیاسی اور فوجی قائدین سے ملاقاتیں کیں۔ پاکستانی فوج نے اتوار کو یہ بات بتائی۔ اسلام آباد میں جاری بیان میں کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف امریکہ کے سرکاری دورہ پر ہیں۔ انہوں نے وہاں سینئر سیاسی اور فوجی قیادت سے اعلیٰ سطح کی بات چیت کی۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں سے بھی ملاقات کی۔امریکہ میں ان کے قیام کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ یہ بھی واضح نہیں کہ وہ کب امریکہ پہنچے۔ جنرل منیر نے دوست ممالک کے فوجی سربراہوں سے بھی ملاقات کی۔ سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے ان سے خواہش کی کہ وہ پاکستان کے روشن مستقبل پر بھروسہ رکھیں۔ وہ سرمایہ کاری کیلئے سرگرم تعاون کرتے رہیں۔ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے وعدہ کیا کہ وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ہاتھ بٹائیں گے۔ جون میں بھی جنرل منیر 5 روزہ دورہ پر امریکہ پہنچے تھے۔ صدر ٹرمپ نے انہیں پرائیوٹ لنچ دیا تھا۔ یہ غیرمعمولی اعزاز عام طور پر دورہ کنندہ سربراہانِ مملکت کو دیا جاتا ہے۔جنرل منیر سے ملاقات کے بعد ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ مختلف شعبوں میں امریکہ اور پاکستان کا تعاون بڑھایا جائے گا۔ ایک تیل معاملت بھی ہوگی۔