ٹرین میں سفر کرتے ہوئے مسافرین سے ملاقات
حیدرآباد۔/3 مئی، ( سیاست نیوز) جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار جین نے سکندرآباد تا میڑچل ایم ایم ٹی ایس ٹرین خدمات کا آج جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ڈیویژنل ریلوے منیجر شرت چندرائن اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ جنرل منیجر نے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے ایم ایم ٹی ایس سرویس میں سوار ہوکر خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے راستہ بھر میں مسافرین سے ملاقات کی اور ریلوے خدمات کو مزید بہتر بنانے کیلئے تجاویز حاصل کی۔ مسافرین نے جنرل منیجر سے درخواست کی کہ اس سیکشن پر ایم ایم ٹی ایس سرویس میں اضافہ کیا جائے۔ مسافرین نے ایم ایم ٹی ایس خدمات کو متعارف کرنے کی ستائش کی اور کہا کہ اس سے طلبہ ، ملازمین اور تاجروں کو فائدہ ہوا ہے۔ جنرل منیجر نے اسٹیشنوں پر موجود سہولتوں کا جائزہ لیا۔ ملکاجگیری، دیانند نگر، صفیل گوڑہ، رام کشٹا پورم، امو گوڑہ، الوال، بلارم اور میڑچل کے مختلف ریلوے اسٹیشنوں کا جنرل منیجر نے معائنہ کیا۔ انہوں نے میڑچل اسٹیشن پر بکنگ آفس اور سرکولیٹنگ ایریا کا دورہ کرتے ہوئے میڑچل ریلوے اسٹیشن کی ترقی کے بارے میں بات چیت کی۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے حال ہی میں 20 ایم ایم ٹی ایس ٹرین سرویس کا آغاز کیا ہے جو سکندرآباد اور میڑچل کے درمیان چلائی جاتی ہے۔ جنرل منیجر نے طلبہ، خواتین اور دیگر مسافرین سے ٹرین میں بات چیت کی۔ر