دیوبند: انڈین آر می کے جنرل میجر سبھاش شرن نے آج دار العلوم دیوبند پہنچ کر یہاں کادورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ میرٹھ کے کرنل کلدیپ کمار او ردیگر فوجی افسران بھی شامل تھے۔ دارالعلوم دیوبند میں ان کی آمد پر ان کا شاندار خیر مقدم کیا گیا۔ جنرل سبھاش شرن نے انڈین آرمی کا اعزازی تمغہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابو القاسم نعمانی کی خدمت میں پیش کیا۔
میجر جنرل نے اس موقع پر کہا کہ دارالعلوم دیوبند دیکھنے کی تمنا عرصہ دراز سے تھی جب وہ بریلی میں تعینات تھے اس وقت بھی دارالعلوم دیکھنا چاہتے تھے لیکن مصروفیات کے باعث دیکھ نہ سکے۔ لیکن آج ان کی یہ دلی خواہش پوری ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ 150سال سے جس تہذیب و ثقافت او رعلمی اثاثہ کو دارالعلوم دیوبند نے سنبھال رکھا ہے وہ قابل رشک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند جیسے ادارہ کو چاہئے کہ وہ فوج میں اپنے طلبہ کو امام موذن کے طور پر داخلہ کروائیں۔ مسٹر سبھاش شرن نے کہا کہ امام و موذنین کا مرتبہ بہت بلند ہوتا ہے۔ مہتمم مدرسہ مولانا مفتی ابو القاسم نے کہا کہ دارالعلوم ایک دینی ادارہ ہے جس کی تحریک دنیا بھر میں پھیلی ہوئی ہے۔