جنسی تشدد کی شکار خواتین کو باوقار زندگی کا حق دلانے جدوجہد

,

   

جہدکار بھنواری دیوی کی قیادت میں ملک گیر مارچ کی حیدرآباد آمد
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : خواتین پر مظالم اور عصمت ریزی کے واقعات کے خلاف جدوجہد میں مصروف راجستھان کی جہدکار بھنواری دیوی کا ملک گیر مارچ آج حیدرآباد پہونچا ۔ راجستھان میں ایک دور دراز کے پسماندہ گاؤں میں 1992 کے دوران اجتماعی عصمت ریزی کی شکار ہونے والی بھنواری دیوی ملک بھر میں اس قسم کے شرمناک واقعات سے متاثرہ 5000 مظلوم خواتین کی عزت نفس ، تحفظ اور انہیں سماج میں باوقار مقام دلانے کے لیے جدوجہد کررہی ہیں ۔ بھنواری دیوی اپنے اس گرانقدر مشن کے تحت 65 روزہ ملک گیر مارچ کاروان وقار ایک حصہ کے طور پر مہاراشٹرا سے براہ گوا و کرناٹک آج تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد پہونچی ہیں ۔ بعد ازاں ان کا کاروان وقار آندھرا پردیش ، چھتیس گڑھ اور مغربی بنگال روانہ ہوگا اور 22 فروری کو دہلی میں اختتام کو پہونچے گا ۔ غیر سرکاری تنظیم قومی وقار مہم کا اہتمام کی ہے ۔ اس مارچ میں شامل مندوبین نے پریس کلب پہونچ کر جلسہ کے انعقاد سے قبل بشیر باغ پر واقع پریس کلب کے روبرو نعرے لگاتے ہوئے جنسی تشدد کی مظلوم خواتین کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ۔ یہ مارچ ملک بھر میں 10,000 کیلو میٹر کی مسافت طئے کرتے ہوئے 24 ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے 200 اضلاع کا احاطہ کررہا ہے ۔ اس مارچ کے کنوینر آصف شیخ نے کہا کہ اپنی نوعیت کے اس منفرد اور پہلے مارچ کے دوران ان 5000 خواتین اور لڑکیوں کی کرب و ابتلا کو اجاگر کیا جائے گا جو اپنی عمر کے کسی نہ کسی حصہ میں اجتماعی عصمت ریزی ، عصمت ریزی اور دیگر اقسام کے جنسی تشدد کی شکار بننے کے باوجود پوری ہمت و حوصلے کے ساتھ باوقار زندگی بسر کررہی ہیں ۔۔