جنسی ہراسانی سے تنگ آکر خاتون کی خودکشی

   

حیدرآباد /24 ستمبر ( سیاست نیوز ) بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکی کے آگے اپنی عزت کا سودہ کرنے والی خاتون نے بالاخر خودکشی کرلی ۔ جو ایک سابق ساتھی کی ہراسانی کا شکار ہوئی تھی ۔ نارسنگی پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں 36 سالہ سوپنا نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ سوپنا حیدر شاہ کوٹ علاقہ کے ساکن کرشنا گوڑ کی بیوی تھی ۔ اس خاتون کو اس کا سابق ساتھی پردیپ ہراساں و پریشان کر رہا تھا ۔ اس خاتون کی شادی سال 2002 میں ہوئی تھی اور اس کے دو بچے ہیں ۔ پردیپ جنسی خواہش کی تکمیل کیلئے خاتون پر دباؤ ڈال رہا تھا اور اس خاتون کو شدید پریشان کر رہا تھا ۔ بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکی کے آگے یہ خاتون بے بس ہوگئی تھی اور پردیپ سوپنا کو جنسی طور پر استعمال کر رہا تھا ۔ خاتون اس کے اشارہ پر عزت کا سودہ کرچکی تھی اور شدید ذہنی تناؤ کا شکار ہوگئی تھی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق پردیپ کے مطالبات اور ہراسانی میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا تھا ۔ تاہم مجبوری کے عالم میں خاتون ظلم سہتی جارہی تھی ۔ جس نے بالآخر انتہائی اقدام کرتے ہوئے کل رات خودکشی کرلی ۔ پردیپ کو سابق میں شادنگر پولیس نے عصمت ریزی کے معاملہ میں گرفتار کرلیا تھا اور رہائی کے بعد اس نے دوبارہ ایسی حرکتیں شروع کردی ۔ جس کا شکار خاتون نے اپنی جان گنوادی ۔ پولیس نارسنگی نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔