جنسی ہراسانی کا شکار لڑکی کی ماں کی خودکشی

   

حیدرآباد۔/20جنوری، ( سیاست نیوز)مائیلاردیوپلی کے علاقہ پدماشالی نگر میں پیش آئے ایک واقعہ میں شاپنگ مال کے مالک کی جانب سے ملازمہ لڑکی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے پر دلبرداشتہ لڑکی کی ماں نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ کاٹے دھن میں واقع مونیکا شاپنگ مال کے مالک ویویکانندا کی جانب سے بھاونا نامی ملازمہ کو جنسی طور پر ہراساں کیا جارہا تھا۔ مالک کی جانب سے مسلسل ہراساں کئے جانے کے نتیجہ میں بھاونا نے شاپنگ مال میں ملازمت ترک کردی تھی اور اس بات کی اطلاع اپنی ماں کنیا کماری کو دی۔ شاپنگ مال کے مالک ویویکانندا سے لڑکی کی ماں نے ہراساں کئے جانے پر اعتراض کیا اور ملازمت کیلئے نہ بھیجنے کی بات کہی۔ لیکن ویویکانندا نے کنہیا کماری کو مبینہ طور پر دھمکایا اور لڑکی کو بھیجنے پر روپیوں کا لالچ دیا۔ مالک کی جانب سے بے عزتی برداشت نہ کرتے ہوئے لڑکی کی ماں نے اپنے مکان واقع پدما شالی نگر میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس راجندر نگر مسٹر کے اشوک چکرورتی نے بتایا کہ ملزم کے خلاف خودکشی پر مجبور کرنے اور ایس سی ، ایس ٹی ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ در ج کیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔