جنواڑہ فارم ہاوز معاملہ میں قانون کے مطابق کارروائی: بی وینکٹ

   

انتقامی کارروائی کی تاریخ بی آر ایس کی ہے، ڈرگس معاملہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات
حیدرآباد۔/29 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل بی وینکٹ نے بی آر ایس کے رکن اسمبلی کوشک ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جس شخصیت نے سیاسی بھیک دی اس سے دھوکہ دہی کرنے والے شخص کا نام کوشک ریڈی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشک ریڈی حکومت کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی کررہے ہیں اور سوشیل میڈیا کا سہارا لے کر عوام میں الجھن پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بی وینکٹ نے کہا کہ جنواڑہ فارم ہاوز واقعہ کے بارے میں ملزمین کے حق میں بیان بازی افسوسناک ہے۔ کوشک ریڈی اس بات سے لاعلم ہیں کہ ڈرگ ٹسٹ کہاں کیا جاتا ہے۔ کے ٹی آر کی مداح سرائی اور ان کی تائید کے علاوہ کوشک ریڈی کے پاس کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالے کرتوتوں کے منظرِ عام پر آنے کے خوف سے کوشک ریڈی حکومت کو نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر کے ٹی آر کے برادر نسبتی بے قصور ہیں تو پھر انہوں نے ہائی کورٹ میں درخواست کیوں دائر کی انہیں تحقیقات کا سامنا کرتے ہوئے خود کو بے قصور ثابت کرنا چاہیئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے کوئی بھی کارروائی سیاسی انتقامی جذبہ سے نہیں کی ہے۔ پولیس قانون کے مطابق کام کررہی ہے۔ بی وینکٹ نے کہا کہ انتقامی کارروائی کا ریکارڈ بی آر ایس دور حکومت کا ہے اور ڈرگس معاملہ میں ریونت ریڈی نے کے ٹی آر کو ٹسٹ کا چیلنج کیا تھا لیکن کے ٹی آر ٹسٹ کیلئے تیار نہیں ہوئے۔1