جنوبی آفریقہ اور ہندوستان کے درمیان 12 مارچ کو پہلا ونڈے

   

ٹیم انڈیا کا اعلان ، ہاردک پانڈیا، شکھر دھون ، بھونیشور کمار کی ٹیم میں واپسی

ممبئی۔8مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بائیں ہاتھ کے اوپنر شکھر دھون، آل راؤنڈر ہردک پانڈیا اور تیز گیند باز بھونیشور کمار کی جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لئے اتوار کو اعلان 15 رکنی ہندستانی ٹیم میں واپسی ہو گئی ہے جبکہ نائب کپتان روہت شرما ابھی تک اپنی پنڈلی کی چوٹ سے نکل نہیں پائے ہیں اور ان کا آرام جاری ہے ۔ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی سینئر سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے خلاف 12، 15 اور 18 مارچ کو ہونے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لئے ہندستانی ٹیم کا اعلان کیا۔ پہلا ون ڈے دھرم شالہ ، دوسرا لکھنؤ اور تیسرا کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔ شکھر ، پانڈیا اور بھونیشور زخمی ہونے کی وجہ ہندستانی ٹیم سے باہر چل رہے تھے ۔ ان تینوں تجربہ کار کھلاڑیوں کو فٹ ہونے کے بعد ٹیم انڈیا میں شامل کیا گیا ہے ۔ ہندستان کی کپتانی وراٹ کوہلی سنبھالیں گے ۔ چوٹ کی وجہ سے نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوئے روہت شرما اپنی چوٹ سے نکل نہیں پائے ہیں اور ان کا آرام جاری ہے ۔حالیہ نیوزی لینڈ کے دورے میں 0-3 سے ون ڈے سیریز ہارنے والی ہندستانی ٹیم سے کیدار جادھو، شوم دوبے ، شاردل ٹھاکر، محمد سمیع اور مینک اگروال کو باہر کیا گیا ہے جبکہ شبھمن گل، پانڈیا، بھونیشور اور شکھر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔سنیل جوشی کی صدارت میں جزوی طور پر نئی سلیکشن کمیٹی نے اس ٹیم کو منتخب کیا۔ جوشی نے ایم ایس کے پرساد کی جگہ صدر کے عہدہ سنبھالا ہے جبکہ ھروندر سنگھ سلیکشن کمیٹی میں گگن کھوڑا کی جگہ آئے ہیں۔ سلیکشن کمیٹی کے پہلے تین رکن دیوانگ گاندھی، سرندیپ سنگھ اور جتن پرانجپے پینل میں بنے ہوئے ہیں۔ہندستان نے نیوزی لینڈ میں پرتھوی اور مینک کے ساتھ اننگ کی شروعات کی تھی۔ شکھر کے لوٹنے پر مینک کو باہر ہو جانا پڑا جنہوں نے سیریز میں کل 36 رن بنائے تھے جبکہ پرتھوی نے کل 84 رن بنائے تھے ۔ ٹیم میں گل کی واپسی ہوئی ہے جنہوں نے ایک سال پہلے نیوزی لینڈ میں ون ڈے ڈیبو کیا تھا۔شکھر جنوری میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں کندھے میں چوٹ لگی تھی۔ پانڈیا نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ ستمبر میں کھیلا تھا جس کے بعد ان کی پیٹھ کی سرجری ہوئی تھی۔ بھونیشور گزشتہ سال اسپورٹس ہرنیا کی وجہ سے میدان سے باہر چل رہے تھے ۔پانڈیا نے چوٹ پر قابو پانے کے بعد شاندار واپسی کی اور ڈی وائی پاٹل ٹی -20 ٹورنامنٹ میں انہوں نے دھماکہ خیز سنچری اننگز کھیلی ہے ۔ وہ ٹیم میں تیز بولنگ آل راؤنڈر کی ضرورت کو پورا کریں گے ۔ پانڈیا اور بھونیشور کے واپس آنے سے سمیع اور ٹھاکر کو ٹیم سے باہر ہونا پڑا۔ پانڈیا کو نیوزی لینڈ میں کھیلنا تھا لیکن ان کا ری ہیب پر زیادہ وقت لگنے کی وجہ سے انہیں ٹیم میں نہیں لیا گیا تھا۔ پانڈیا کے واپس آنے سے شوم دوبے کو بھی باہر ہو جانا پڑا۔وکٹ کیپر رشبھ پنت کو نیوزی لینڈ میں ٹی -20 اور ون ڈے میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا لیکن وہ ٹیم میں لوکیش راہل کے بعد دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر اپنا مقام بچانے میں کامیاب رہے ۔ بھونیشور بھی اپنی چوٹ سے نکل کر ٹیم میں واپس آئے ہیں اور وہ ٹیم کی تیز گیند بازی کو مضبوطی دیں گے ۔ٹیم اس طرح ہے :وراٹ کوہلی (کپتان)، شکھر دھون، پرتھوی شا، لوکیش راہل، منیش پانڈے ، شریس ایر، رشبھ پنت، ہردک پانڈیا، رویندر جڈیجہ، بھونیشور کمار، یجویندر چہل، جسپریت بمراہ، نودیپ سینی، کلدیپ یادو اور شبھمن گل۔