نئی دہلی، 10 فروری (آئی اے این ایس)۔ ٹی20 ورلڈ کپ میں چہارشنبہ کو کرکٹ شائقین کو تین بڑے اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، جن میں جنوبی افریقہ بمقابلہ افغانستان، آسٹریلیا بمقابلہ آئرلینڈ اور انگلینڈ بمقابلہ ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔ یہ مقابلے نہ صرف پوائنٹس ٹیبل کے لحاظ سے اہم ہیں بلکہ کئی ٹیموں کے لیے ٹورنمنٹ میں رفتار حاصل کرنے کا بھی بہترین موقع ہیں۔ گروپ ڈی میں افغانستان احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں گزشتہ ایڈیشن کے رنرز اپ جنوبی افریقہ کا سامنا کرے گا۔ افغانستان نے حالیہ برسوں میں اپنی جارحانہ اور بے خوف کرکٹ سے دنیا کو متاثرکیا ہے۔ گزشتہ ٹی20 ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف تاریخی فتوحات نے انہیں سیمی فائنل تک پہنچایا تھا۔ تاہم رواں ٹورنمنٹ کے افتتاحی میچ میں افغانستان کو چنئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اب افغان ٹیم احمد آباد میں بہتر کارکردگی دکھا کر اپنی مہم کو پٹری پر لانے کی کوشش کرے گی۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ نے کینیڈا کے خلاف 56 رنزکی شاندار فتح کے ساتھ ٹورنمنٹ کا آغازکیا ہے اور وہ اپنی جیت کا تسلسل برقرار رکھنا چاہے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک تین مقابلے ہو چکے ہیں، جن میں جنوبی افریقہ نے تمام میچز جیتے ہیں۔ دن کا ایک اور مقابلہ گروپ مرحلے میں2021 کے چمپئن آسٹریلیا اورآئرلینڈ کے درمیان ہوگا۔ آسٹریلیا کی قیادت مچل مارش کر رہے ہیں، جنہوں نے2021 کے فائنل میں ناقابل شکست 77 رنز بنا کر ٹیم کو واحد ٹی20 ورلڈ کپ خطاب دلایا تھا۔ اگرچہ آسٹریلیا کی حالیہ فارم غیر تسلی بخش رہی ہے، لیکن ٹیم کے پاس تجربہ کار اور میچ ونرکھلاڑی موجود ہیں۔ آئرلینڈ نے اپنے پہلے میچ میں سری لنکا کے خلاف شکست کھائی ہے، تاہم وہ ایک مضبوط ٹیم کے طور پر ابھرکر سامنے آیا ہے اور ماضی میں بڑی ٹیموں کو حیران کر چکا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک دو میچز کھیلے گئے ہیں، جن میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی ہے۔ تیسرا اور سب سے دلچسپ مقابلہ گروپ سی میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیزکے درمیان ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں دو مرتبہ ٹی20 ورلڈکپ جیت چکی ہیں اور انہیں اس فارمیٹ کی ماہر ٹیمیں تصورکیا جاتا ہے۔ انگلینڈ نے اپنے افتتاحی میچ میں نیپال کے خلاف سخت مقابلے کے بعد چار رنز سے کامیابی حاصل کی، جبکہ ویسٹ انڈیز نے اسکاٹ لینڈ کو35 رنز سے شکست دے کر اعتماد کے ساتھ ٹورنمنٹ کا آغازکیا۔ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اب تک 38 مقابلے ہو چکے ہیں، جن میں انگلینڈ نے 19 اور ویسٹ انڈیز نے18 میچز جیتے ہیں، جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا ہے۔ان تینوں مقابلوں سے ٹورنمنٹ میں مزید سنسنی اور دلچسپی بڑھنے کی توقع ہے۔