سنچورین۔24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرا ونڈے جمعہ کو یہاں کھیلا جائے گا اور پاکستانی ٹیم انتظامیہ تیسرے ونڈے میں تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر کو کھلانے پر غور کررہی ہے۔ ان کی چار ماہ بعد پاکستان ونڈے ٹیم میں واپسی ہورہی ہے، ممکنہ طور پر وہ جمعہ کو ہونے والے میچ میں فہیم اشرف کی جگہ لیں گے۔ عامر نے آخری ونڈے گذشتہ سال23 ستمبر کوایشیا کپ کے دوران کھیلا تھا۔ محمد عامر پانچ سالہ پابندی ختم ہونے کے بعد سے پاکستانی ٹیم کا تینوں فارمیٹس میں مستقل حصہ رہے ہیں تاہم جون2017میں چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ہندوستان کے خلاف اوول میں تین وکٹوں کے شاندار ا سپیل کے بعد سے ان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے، وہ آخری دس ونڈے میچوں میں صرف تین وکٹیں حاصل کر سکے جبکہ آخری پانچ ونڈے میچوں میں انہیں کوئی وکٹ نہیں مل سکی۔ گذشتہ برس انہوں نے ہیڈنگلے ٹسٹ میں انگلینڈ کی واحد اننگز میں72رنز دے کر صرف دو وکٹس لئے تھے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں محمد عامر کی واپسی زبردست انداز میں ہوئی۔وہ پاکستان کو جیت تو نہیں دلواسکے لیکن سب سے زیادہ 12 وکٹیں 23.58کی اوسط سے حاصل کیں۔ ایشیاء کپ میں ناقص مظاہروں کے بعد محمد عامر کو ٹیم سے خارج کردیا گیا تھا اور ان کے مقام پر جنید خان کو دیئے جانے والے موقع کا بائیں ہاتھ کے بولر نے فائدہ اٹھایا تھا۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف رواں سیریز کے آخری تین میچز کیلئے ٹیم میں کوئنٹن ڈی کوک اور ڈیل اسٹین کو دوبارہ طلب کرلیا ہے۔ فاسٹ بولر بیورن ہینڈرکس کو پہلی مرتبہ اسکواڈ میں طلب کیا گیا ہے جبکہ ڈیوانے اولیور، ڈین پیٹرسن اور ہنرچ کلاسین کو خارج کر دیا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان رواں سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ جنوبی افریقہ کے سلیکٹر لینڈا زونڈی نے کہا ہیکہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ ہمارے پاس فاسٹ بولروں کا باصلاحیت اور تجربہ کار شعبہ موجود ہے اسی لئے ہم نے فاسٹ بولربیورن ہینڈرکس کو بھی موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان کی کارکردگی کو بھی دیکھا جاسکے۔ معلنہ ٹیم میں کپتان فاف ڈوپلیسز، ہاشم آملہ، ڈی کاک، بیورن ہینڈرکس، ریزا ہینڈرکس، عمران طاہر، ایڈن مارک رام، ڈیوڈ ملر، اینڈائل فیلکواو، ڈیوائن پریٹوریس، کگیسوربادا، تبریز شمسی، ڈیل اسٹین اورریسی وانڈر ڈوسین پر مشتمل ہے۔