جنوبی افریقہ میں آسٹریلیا کو 12 رنز سے شکست دی

   

پورٹ ایلزبتھ ۔ 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کپتان کوئن ٹن ڈی کاک کی شاندار نصف سنچری اور پھر میزبان فاسٹ بولروں کی بہترین بولنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے یہاں منعقدہ دوسرے ٹی 20 مقابلہ میں مہمان آسٹریلیائی ٹیم کو 12 رنز سے شکست دیکر تین مقابلوں کی سیریز کو فی الحال 1-1 سے برابر کردیا ہے۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورس میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز اسکور کئے۔ جوابی اننگز میں ڈیوڈ وارنر کی ذمہ دارانہ نصف سنچری کے باوجود آسٹریلیائی ٹیم 146/6 تک محدود رہی۔ ڈی کاک نے 47 گیندوں میں 5 چوکوں اور 4 چھکوں پر مشتمل اننگز نے 70 رنز اسکور کئے جبکہ لوور آرڈر میں ونڈرڈوسن نے 26 گیندوں میں دو چوکوں اور دو چھکوں پر مشتمل اننگز میں 37 رنز اسکور کئے۔ دیگر بیٹسمینوں میں ہینڈرکس14 ، ڈوپلیسی 15 اور ڈیوڈملر نے ناقابل تسخیر 11 رنز اسکور کئے جس کیلئے انہوں نے 13 گیندوں کا سامنا کیا۔ آسٹریلیا کیلئے رچرڈسن کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورس میں 21 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ آسٹریلیائی فاسٹ بولروں کی جوڑی مچل اسٹارک اور پیاٹ کمنس ناکام ہوئے جیسا کہ اسٹارک نے 4 اوورس میں 38 رنز دیکر وکٹ حاصل نہیں کرپائے جبکہ کمنس کے 4 اوورس میں 31 رنز بنے تاہم وہ ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ جوابی اننگز میں ڈیوڈ وارنر اور آرون فنچ نے 4.4 اوورس میں پہلی وکٹ کیلئے 48 رنز کی شروعات فراہم کی لیکن وکٹوں کے زوال کا آغاز ہونے کے بعد وقفہ وقفہ سے مہمان ٹیم کی وکٹیں گرتی رہی۔ وارنر نے 56 گیندوں میں 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 67 رنز بنائے جبکہ فنچ 14 رنز ہی بنا پائے۔ اسٹیواسمتھ 26 گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 29 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ کیل نے 10 گیندوں میں 14 رنز اسکور کئے۔ ان بیٹسمینوں کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی دوہرے ہندسے کو عبور نہ کرسکا۔ جنوبی افریقہ کیلئے لنگی نگڑی نے 4 اوورس میں 41 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ربادا اور نوٹ جے نے 27 اور 24 رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ علاوہ ازیں پریٹوریس نے بھی 4 اوورس میں 29 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی ۔ یاد رہے پہلا مقابلہ آسٹریلیا نے اپنے نام کیا تھا۔