جنوبی افریقہ میں محنتی سینئر ہندوستانی نرسوں کی طلب میں اضافہ

   

جوہانسبرگ۔22فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کے خانگی ہاسپٹلس میں جاری ہنرمند سینئر نرسنگ اسٹاف کی قلت کے بعد اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ہنرمند اور باصلاحیت سینئر ہندوستانی نرسوں کی بھرتی عمل میں آئے گی کیونکہ اُن میں اپنے کام کو دیانتدارانہ طورپر ادا کرنے کی صلاحیت کے علاوہ مقامی اسٹاف کو تربیت دینے کی صلاحیت بھی موجود ہے جو کچھ ہی دنوں میں کام کرنے کے بعد تربیت فراہم کرنے کے قابل بھی ہوجاتی ہیں ۔ 2018 ء کے جابس سمیٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ میں زائد از 47000 نرسوں کی قلت ہے جن کی کئی وجوہات بتائی ہیں جن میں پرکشش تنخواہیں حاصل کرنے کیلئے سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، برطانیہ اور نیوزی لینڈ میں خدمات ادا کرنے کو ترجیح دینا بھی شامل ہے جنھیں کنٹراکٹ بنیادوں پر بھرتی کیا جاتا ہے ۔ میڈی کلینک جو جنوبی افریقہ کا ایک بہت بڑا خانگی ہاسپٹل گروپ ہے ، نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ جاریہ سال سے وہ ہندوستان کی 150 نرسوں کو بھرتی کرے گا ۔ میڈی کلینک کے ترجمان نے بزنس ٹائمز کو یہ بات بتائی ۔