جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو چوتھے T20میں ہرایا، سیریز 2-2 سے برابر

   

ویلنگٹن، 22 مارچ (یواین آئی )جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم نے چوتھےT20 میچ میں نیوزی لینڈ کو 19 رنز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-2 سے برابری حاصل کر لی ہے ۔ کونر ایسٹر ہاؤزن کی نصف سنچری اور گیرالڈ کوٹزی کی تباہ کن بالنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے سیریز کے فیصلے کو آخری میچ تک پہنچا دیا ہے ۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کا آغاز مایوس کن تھا جب پہلی ہی گیند پر ویان مولڈر بغیر کوئی رن بنائے کائل جیمیسن کا شکار بن گئے ۔ تاہم کونر ایسٹر ہاؤزن نے ٹونی ڈی جورجی کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کیلئے 81 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز رہا۔65 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم جنوبی افریقی بالرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 19ویں اوور میں 145 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
جنوبی افریقہ کی جیت میں تیز گیند باز گیرالڈ کوٹزی نے کلیدی کردار ادا کیا جنہوں نے محض 16 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ اوٹنیل بارٹمین، پرینیلن سبرائن اور کیشو مہاراج نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔