کرائسٹ چرچ، 25 مارچ (آئی اے این ایس) وکٹ کیپر بیٹر کونر ایسٹرہوئزن کی شاندار نصف سنچری اور بولرزکی عمدہ کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ نے پانچویں اورآخری ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کو 33 رنز سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز 3-2 سے جیت لی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے، جس میں ایسٹرہوئزن نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 20 اوورز میں 154 رنز تک محدود رہی۔ ٹاس ہارکر پہلے بیٹنگ کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم نے پاور پلے میں 43 رنز بنائے اور صرف ایک وکٹ کھوئی، جو اوپنر ٹونی ڈی زورزی کی تھی۔ اس کے بعد روبن ہرمن اور ویان ملڈر نے 55 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مستحکم موقف میں پہنچایا۔ نیوزی لینڈ کو 10ویں اوورکی پہلی گیند پر اس وقت کامیابی ملی جب ملڈر (31 رنز) آؤٹ ہوئے۔ تاہم، گزشتہ میچ کے ہیرو ایسٹرہوئزن نے اپنی عمدہ فارم جاری رکھتے ہوئے ہرمن کے ساتھ 49 رنزکی شراکت قائم کی۔ ہرمن 16ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔ ایسٹرہوئزن نے صرف 25 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 33 گیندوں پر 75 رنزکی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 4 چوکے اور 6 چھکے شامل ہیں اور ٹیم کو 187 کے مضبوط اسکور تک پہنچایا۔ 188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے پاور پلے میں 46 رنز بنائے مگر 2 اہم وکٹیں گنوا دیں۔ درمیانی اوورز میں ڈین کلیور اور بیوون جیکبز نے مزاحمت کی کوشش کی، لیکن جنوبی افریقہ کے بولرز نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرکے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ میزبان ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 154 رنز ہی بنا سکی۔بولنگ میں جیرالڈ کوئٹزی نمایاں رہے، جنہوں نے 21 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ویان ملڈر اور بارٹمین نے بھی 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان کیشو مہاراج نے بھی ایک وکٹ اپنے نام کی۔