جنوبی افریقہ نے پاکستان سے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ اور سیریز جیت لیا

   

کیپ ٹاؤن، 6جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دوسرے کرکٹ ٹسٹ میں چوتھے دن آج 9 وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0۔2 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی۔جنوبی افریقہ کو جیت کے لئے 41 رن درکار تھے جو اس نے 9.5 اوور میں ایک وکٹ پر 43 رن بناکرحاصل کرلئے ۔ تھیونس ڈی بریون چار رن بناکر محمدعباس کا شکار بنے جبکہ ہاشم آملہ دو رن بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے ۔ڈین ایلگر نے ناٹ آوٹ 24 اور کپتان ڈوپلیسیس نے ناٹ آوٹ تین رن بناکر جنوبی افریقہ کو جیت دلائی۔ ایلگر نے 39 گیندوں کی اننگز میں چار چوکے لگائے ۔ ٹیسٹ کے چوتھے روز جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈین ایلگر اور ڈی برائن نے 41رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ڈی برائن4رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ، ہاشم آملا 2رنز پر محمد عامر کی ایک اٹھتی گیند پر زخمی ہوکر میدان سے باہر چلے گئے ۔اس سے قبل کیپ ٹاؤن میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے 382 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 431 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے کپتان فاف ڈیوپلیسی نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 103 رنز بنائے جبکہ ٹیمبا باووما اور کوئنٹن ڈی کوک نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔پاکستانی ٹیم کی طرف سے محمد عامر اور شاہین آفریدی نے 4۔4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ کی 254 رنز کی بھاری برتری کے جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار ہوگئی۔10 رنز کے مجموعی اسکور پر اوپنر امام الحق ڈیل اسٹین کی گیند پر ایلگر کو کیچ تھما بیٹھے ۔ان کا انفرادی سکور 6 رنز تھا۔امام الحق کے بعد تجربہ کار بلے باز اظہر علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور کگیسو ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے اور پاکستانی ٹیم 27رنز پر 2 کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی۔