جنوبی افریقہ نے ’چوکرز‘ کا ٹیگ ہٹانے کا موقع گنوادیا

   

برج ٹاؤن: کرکٹ کے بڑے ایونٹس میں ’چوکرز‘ کے نام سے مشہور جنوبی افریقہ تاریخ میں پہلی بار آئی سی سی ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچنے میں تو کامیاب رہا لیکن ایک بار پھر بڑے میچ میں چوک جانے‘ کا ٹیگ ہٹانے میں ناکام ثابت ہوا۔ ویسٹ انڈیز کے شہر برج ٹاؤن، بارباڈوس کے کنسنگٹن اوول اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے فائنل میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے میں 7 رنز سے شکست دے کر 17 سال بعد دوبارہ ٹی20 کرکٹ کا عالمی چمپئن بن گیا۔ مجموعی طور پر ٹی20 اور ونڈے ورلڈکپ کے 8 سیمی فائنل میں جیت کے انتہائی قریب پہنچنے کے بعد ایونٹ سے باہر ہونے والے ’چوکرز‘ نے تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کا موقع گنوایا ہے۔ شروعات 1992ء میں ونڈے کرکٹ ورلڈکپ سے ہوئی جہاں جنوبی افریقہ کو انگلینڈ نے بارش سے متاثرہ سیمی فائنل میں ہرایا۔ 1999ء ورلڈ کپ سیمی فائنل برابری پر ختم ہوا مگر آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے مقابل بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر فائنل میں جگہ بنائی۔ 2007 کے ورلڈکپ سیمی فائنل میں ایک بار پھر آسٹریلیا سے شکست ہوئی۔2009 کے ٹی20 ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ کو پاکستان نے شکست دی۔ 2014 ٹی20 ورلڈکپ سیمی فائنل میں انڈیانے ، 2015 ونڈے ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ نے اور 2023 ونڈے ورلڈکپ سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو ہرایا۔