جنوبی افریقہ ویمنز نے دوسرا ٹی ٹوئنٹی جیت کر سیریز برابر کر دی

   

ہیملٹن،17 مارچ (آئی اے این ایس) جنوبی افریقہ ویمنزکرکٹ ٹیم نے آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ ویمنزکرکٹ ٹیم کو 18 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے مضبوط آغاز کیا، جہاں سونے لوس اور تازمین برٹس نے 62 رنزکی اوپننگ شراکت قائم کی۔ لوس نے جارحانہ انداز میں 21 گیندوں پر31 رنز بنائے، جبکہ برٹس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 53 رنز اسکور کیے۔کپتان لورا وولوارڈٹ نے بھی 33 گیندوں پر41 رنز بنا کر اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کو مستحکم موقف میں رکھا۔ آخری اوورز میں کیلا رینیکے نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 9 گیندوں پر ناقابل شکست 28 رنز بنائے، جس میں آخری اوور میں تین مسلسل چھکے شامل تھے اور ٹیم کا اسکور177/5 تک پہنچا دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے امیلیا کیر اور جیس کیر نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے تیز آغازکیا۔ امیلیا کیر نے 18گیندوں پر 32 رنز بنائے جبکہ کپتان سوفی ڈیوائن نے25 رنزکی اننگز کھیلی، جس سے ٹیم نے ابتدائی7 اوورز میں 71/3 کا اسکور بنا لیا۔ تاہم اس کے بعد جنوبی افریقہ کی بولنگ نے میچ کا رخ موڑ دیا۔ ایابونگا خاکا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے27 رنز دے کر4 اہم وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بائیں ہاتھ کی اسپنر نونکولولیکو ملابا نے 3 وکٹیں لے کر حریف ٹیم کی کمرتوڑ دی۔ درمیانی اوورز میں مسلسل وکٹیں گرنے کے باعث نیوزی لینڈ 111/7 تک محدود ہوگیا۔ آخر میں ایزی شارپ نے 29 رنزکی مزاحمتی اننگز کھیلی، لیکن بڑھتی ہوئی رن ریٹ کے دباؤ کے باعث ٹیم 19.1 اوورز میں 159 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ جنوبی افریقہ نے 18 رنز سے فتح حاصل کرتے ہوئے سیریز میں زبردست واپسی کی۔