جنوبی افریقہ کا مارچ میں دورہ پاکستان کا امکان

   

کراچی ۔ 13فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کو تین ٹی ٹوئنٹی مقابلے آئندہ ماہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں میں کروانے کی تجویز دی ہے۔ تینوں میچ پاکستان سوپر لیگ کے بعد مارچ کے آخری ہفتے میں ہوں گے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کے مطابق لاہور اورکراچی کے میدانوںکی دستیابی محدود ہے کیونکہ ہم اپنی بیشتر کرکٹ بھی یہیں کھیل رہے ہیں اور اس وجہ سے وہاں کی وکٹ بھی متاثر ہورہی ہے۔ سیریز کے حوالے سے ابھی مشاورت جاری ہے۔ امید ہے کہ رواں ماہ کے آخر میں کسی نتیجہ پر پہنچ جائیں گے۔ وسیم خان نے کہا کہ جنوبی افریقہ کو راولپنڈی بطور میدان تجویزکیا ہے اورمہمان بورڈ اس تجویز پر راضی ہے۔ پی سی بی اور جنوبی افریقی بورڈ دورہ کے حوالے سے مطمئن ہیں۔ جنوبی افریقہ کا دورہ ہند 18 مارچ کو ختم ہوگا جبکہ پی ایس ایل فائیو کا فائنل 22 مارچ کو مقرر ہے لہٰذا افریقی ٹیم کا ہندوستان سے جنوبی افریقہ جانا اور پھر پاکستان آناممکن نہیں ہوگا، اس لیے ہمیں سوچنا ہے کہ وہ 6 سے 8 روز متحدہ عرب امارات میں قیام کریں جہاں ہم انہیں پریکٹس کی سہولیات فراہم کریں یا پھر انہیں براہ راست پاکستان بلایا جائے۔