جنوبی افریقہ کا 14سال بعدپاکستان کا دورہ

   

جوہانسبرگ ۔ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم 14 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ دوطرفہ سیریز میں شامل 2 ٹسٹ میچوں کی میزبانی کراچی اور راولپنڈی کے سپرد کردی گئی ہے جبکہ تین ٹی 20 میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم آئندہ سال جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ مہمان ٹیم کا یہ 14 سال بعد پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔اس دوران دونوں ٹیمیں2 ٹسٹ میچز اور3 ٹی 20 میچز میں آمنے سامنے آئیں گی۔ سیریز میں شامل دونوں ٹسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپین شپ کا حصہ ہوں گے۔مہمان ٹیم سیریز میں شرکت کی غرض سے16 جنوری کو کراچی پہنچے گی۔ سیریز کا پہلا ٹسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم راولپنڈی روانہ ہوجائے گی، جہاں وہ 4 فروری کو شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ میچ میں شرکت کرے گی۔سیریز کے تینوں ٹی 20 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز11، 13 اور14 فروری کو ہوں گے۔دورے میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچنے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی قرنطینہ کی مدت کراچی میں مکمل کرے گی، جس کے بعد انہیں ٹریننگ سیشنز اور انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچوں میں شرکت کی اجازت ہوگی۔سال2007 کے بعد یہ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔دونوں ٹیموں نے 2010 اور 2013 میں پاکستان کی ہوم سیریز تیسرے مقام یعنی متحدہ عرب امارات میں کھیلیں تھیں۔ سال1995 کے بعد سے لے کر اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان جملہ 11 ٹسٹ سیریز کھیلی جا چکی ہیں۔ ان گیارہ میں سے سات میں جنوبی افریقہ جبکہ ایک میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔ لہٰذا بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے پاس اب یہ ایک سنہری موقع ہوگا کہ وہ 18 سال بعد جنوبی افریقہ کو ٹسٹ سیریز میں شکست دے سکے۔فی الحال آئی سی سی کی ٹسٹ درجہ بندی میں جنوبی افریقہ چھٹے اور پاکستان ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوگا کہ دونوں ٹیمیں پاکستان کی سرزمین پر کبھی کسی ٹی 20 سیریز میں مدمقابل آئیں گی۔ اس سے قبل یو اے ای میں کھیلی گئی دونوں ٹی 20 سیریز میں جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کی تھی۔