جنوبی افریقہ کو شکست ،نیوزی لینڈ چمپئنز ٹرافی فائنل میں داخل

   

لاہور: راچن رویندرا (108) اور کین ولیمسن (102) کی شاندار سنچریوں کے بعد شاندار بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نےآج چمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو 50 رنز سے شکست دے دی۔ اتوار کے روز ہونے والے فائنل میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ ہندوستان سے ہوگا۔363 کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی شروعات خراب رہی جب اس نے 20 کے اسکور پر ریان رکلیٹن (17) کو کھو دیا۔ اس کے بعد راسی وین ڈار ڈوسن بیٹنگ کے لیے آئے اور کپتان ٹیمبا باوما کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 105رنز کی شراکت ہوئی۔ مچل سینٹنر نے 23ویں اوور میں ٹیمبا باوما کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ ٹیمبا بووما نے 71 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ 27ویں اوور میں سینٹنر نے راسی وین ڈیر ڈوسن کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کی تیسری وکٹ حاصل کی۔ راسی وین ڈیر ڈوسن نے 66 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے ۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ کے بلے باز نیوزی لینڈ کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے نہیں ٹک سکے اور اپنی وکٹیں گنواتے رہے ۔ ہینرک کلاسن (تین)، ایڈن مارکرم (31)، ویان مولڈر (آٹھ)، مارکو جانسن (تین)، کیشو مہاراج (ایک) اور کاگیسو ربادا (16) پر آؤٹ ہوئے ۔ ڈیوڈ ملر آخر تک ثابت قدم رہے اور آخری اوورز میں دھماکہ خیز بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں جوش و خروش بڑھانے کی کوشش کی۔ ملر نے میچ کی آخری گیند پر اپنی سنچری مکمل کی۔ ملر نے 10 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 67 گیندوں میں 100 رنز بنائے ۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں پر 312 رنز ہی بنا سکی اور 50 رنز سے میچ ہار گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ میٹ ہنری، گلین فلپس (دو، دو)، مائیکل بریسویل اور راچن رویندرا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔