گوہاٹی، 26 نومبر (آئی اے این ایس) آف اسپنر سائمن ہارمر نے37 رنز کے عوض 6 وکٹیں لے کر شاندارکارکردگی دکھائی، جس کی بدولت جنوبی افریقہ نے بارساپارا کرکٹ اسٹیڈیم میں ہندوستان کو408 رنز کے بھاری فرق سے شکست دیکر 2-0 سے سیریز میں کلین سویپ مکمل کیا۔ 549 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں ہندوستان کی ٹیم پانچویں دن 140 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، جبکہ آل راؤنڈر رویندرا جڈیجہ 54 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ یہ ہندوستان کی ٹسٹ کرکٹ میں رنزکے لحاظ سے سب سے بڑی شکست ہے ۔ اس کے ساتھ ہی موجودہ ورلڈ ٹسٹ چمپئن جنوبی افریقہ نے 2000 کے بعد پہلی بار ہندوستان میں ٹسٹ سیریز جیتنے کا کارنامہ انجام دیا۔ جنوبی افریقہ نے ہندوستان کے خلاف ٹسٹ میں رنزکے فرق سے اپنی سب سے بڑی کامیابی بھی درج کر لی۔ ہندوستان میں یہ ان کی دوسری اور25 سال بعد پہلی ٹسٹ سیریز فتح ہے۔ اس سے قبل ہنسی کرونیے کی قیادت میں2000 میں پروٹیز نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ اب ٹیمبا باووما نے بھی اس فہرست میں اپنا نام شامل کر لیا ہے اور کپتان کی حیثیت سے اپنی ناقابلِ شکست ٹسٹ سیریزکا سلسلہ برقرار رکھا ہے۔ جیسے ہی جنوبی افریقہ نے ٹاس جیتا، میچ کی قسمت ان کے حق میں جاتی دکھائی دی۔ ہندوستان کے لیے اپنے ہوم گراؤنڈ کے ’’قلعہ‘‘ جیسی شہرت پر سوالات ایک بار پھرکھڑے ہوگئے ہیں، خاص طور پر گزشتہ سال نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 3-0 کے کلین سویپ کے بعد اب ہندوستانی ٹیم شدید تنقیدوں کی زد میں ہے۔ ہندوستان نے صبح دوسری اننگزکا آغاز 27/2 سے کیا۔ بی سائی سدرشن اورکلدیپ یادیو کو دو مواقع ملے ، سدرشن نو بال کی وجہ سے بچ گئے جبکہ مارکرام نے کلدیپ کا کیچ چھوڑ دیا۔ تاہم کلدیپ کی نائٹ واچ مین اننگز زیادہ دیر نہ چل سکی اور ہارمرکی سیدھی جاتی ہوئی گیند نے انہیں پانچ رنز پر بولڈ کردیا۔ محض تین گیندوں بعد دھروو جریال بھی سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔ رشبھ پنت نے جارحانہ انداز میں کچھ دیر مزاحمت کی ، مہاراج کو ایک چوکا اور ایک بڑا چھکا بھی لگایا لیکن ہارمرکی نسبتاً سست رفتارگیند پر دفاع کرتے ہوئے وہ 13 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ ہارمر چوتھی وکٹ بھی لے سکتے تھے مگر مارکرام نے سدرشن کا مشکل کیچ چھوڑ دیا۔ اس کے باوجود جنوبی افریقہ نے سیشن میں تین وکٹیں حاصل کر لیں۔ چائے کے بعد سدرشن بھی مزاحمت نہ کر سکے اور سینورن متھوسوامی کی گیند پر سلپ میں مارکرام کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئییہ میچ میں مارکرام کا آٹھواں کیچ تھا۔ جڈیجہ نے اپنی نصف سنچری جارحانہ انداز میں مکمل کی۔ مگر جنوبی افریقہ نے یہاں بھی دباؤ برقرار رکھا، واشنگٹن سندر جلدی آؤٹ ہوگئے اور مارکرام نے اپنا نواں ریکارڈ کیچ مکمل کیا، جس کے ساتھ ہارمر نے پانچ وکٹیں بھی مکمل کیں۔ ہارمر نے نیتیش کمار ریڈی کی وکٹ لے کر اپنی چھٹی کامیابی سمیٹی۔ پھر مہاراج نے جڈیجہ کو اسٹمپ کرویا۔ یانسن نے محمد سراج کا باؤنڈری پر دوڑتے ہوئے ایک ہاتھ سے شاندارکیچ پکڑکر میچ اور سیریز کا خاتمہ کیا۔