جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کے امکانات

   

کراچی ۔27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آئندہ ماہ کرکٹ جنوبی افریقہ کا تین رکنی سیکیورٹی وفد کراچی میں پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اورکم از کم تین میچ دیکھے گا۔ وفد کو پاکستان اور بنگلہ دیش کی سیریز کے لئے لاہور آنا تھا لیکن حکام انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹسٹ میں مصروف ہیں اس لئے اب سیکیورٹی وفد پاکستان سوپر لیگ کے میچوں میں سیکیورٹی انتظات دیکھے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اورجنوبی افریقہ کرکٹ کے درمیان مارچ کے آخری ہفتے میں ہونے والی تین ٹی 20 انٹر نیشنل میچوں کے لئے بات چیت فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ امکان ہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز پاکستا ن سوپر لیگ کے فوراً بعد 25 سے30 مارچ تک ہوگی اس سلسلے میں میزبان شہر کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ پی سی بی کے ذرائع کے بموجب پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کرکٹ کو تجویز دی ہے کہ ہندوستان کا دورہ مکمل کرکے جنوبی افریقہ کی ٹیم دبئی میں چار سے پانچ دن قیام کرے اور وہیں پریکٹس جاری رکھے۔ ٹی 20 انٹر نیشنل سے ایک دن پہلے جنوبی افریقہ کی ٹیم کراچی یا لاہور پہنچے گی۔ اپریل میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ایک ونڈے اور ایک ٹسٹ کھیلا جائے گا۔ چوں کہ ایک اسٹیڈیم کی پچوں پر تین ٹی 20 کے بعد ایک ونڈے اور ایک ٹسٹ کروانا ہوگا اس لئے امکان ہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی 20 قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔