جوہانسبرگ ۔18مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقی ٹیم جو کہ ہندوستان کے دورہ پر ونڈے سیریز منسوخ ہونے کے بعد وطن لوٹی ہے، کھلاڑیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 14دن کے از خود قرنطینہ کا اہتمام کریں تاکہ کورونا وائرس کے کسی بھی شبہ سے خود کو محفوظ رکھا جاسکے ۔ کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شعیب منجرا نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ چونکہ ہندوستان سے واپس ہوئے ہیں اور ان میں اگر مہلک وائرس کورونا کی کوئی بھی علامت ظاہر ہوتی ہے کہ وہ نہ صرف ڈاکٹرس سے رجوع ہوں بلکہ احتیاطی طور پر از خود 14دن کے قرنطینہ کا اہتمام کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہی وہ طریقہ ہے جس کے ذریعہ نہ صرف وہ خود کو بلکہ اپنے اطراف موجود دیگر افراد کو اس مہلک سے مرض سے محفوظ رکھ سکتے ہیں احتیاط کے ذریعہ وہ اپنے افراد خاندان اور ملنے جھلنے والوں کو بھی صحت مند زندگی فراہم کرسکتے ہیں ۔ میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر منجرا نے مزید کہا کہ قرنطینہ کی مدت میں اگر انہیں کسی بھی علامت کا شبہ ہو تو ان کی بہتر طریقہ سے تشخیص کی جائے گی اور ممکنہ حد تک انہیں ہر سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کو دورہ ہندوستان پر تین ونڈے مقابلوں کی سیریز کھیلنے کی تاہم جس کا پہلا مقابلہ دھرم شالہ میں بارش کی نذر ہوگیا جس کے بعد ہندوستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے یہ سیریز منسوخ کردی گئی ہے ۔