جنوبی امریکہ میں 7.4 شدت کا زلزلہ، سونامی کا الرٹ جاری

   

بیونس آئرس ؍ سنٹیاگو : چلی اور ارجنٹینا کے ساحلی علاقوں میں افسران نے فوراً ہائی الرٹ کا اعلان کر دیا۔ خصوصاً چلی کے مگلانیس علاقہ کے لیے صدر گیبریل بورک نے ساحل سمندر خالی کرنے کا حکم جاری کیا۔ جنوبی امریکہ میں آج ایک بار پھر شدید زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ تیز جھٹکوں کے سبب چلی سے لے کر ارجنٹینا تک کی زمین ڈول گئی۔ یہ زلزلہ چلی اور ارجنٹینا کے دور دراز جنوبی علاقہ میں آیا تھا، جس کا اثر کئی علاقوں میں محسوس کیا گیا۔ یو ایس جی ایس کے مطابق زلزلہ کی شدت 7.4 درج کی گئی ہے اور اس کا مرکز ارجنٹینا کے اشوائیا شہر سے 219 کلومیٹر دور سمندر میں واقع ڈریک پیسج میں تھا۔ اس زلزلہ کے بعد لگاتار جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد سنامی کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ حالانکہ تازہ ترین خبروں میں سنامی کا الرٹ واپس لیے جانے کی اطلاع دی گئی ہے، پھر بھی ہر طرح کے احتیاطی اقدام کیے جا رہے ہیں۔ چلی اور ارجنٹینا کے ساحلی علاقوں میں افسران نے فوری طور پر ہائی الرٹ کا اعلان کر دیا۔ خاص طور سے چلی کے مگلانیس علاقہ کے لیے صدر گیبریل بورِک نے ساحل سمندر خالی کرنے کا حکم جاری کیا۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ہم مگلانیس علاقہ کے پورے سمندری ساحل سے لوگوں کو ہٹانے کی اپیل کرتے ہیں۔ اس وقت ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم محتاط رہیں اور افسران کی بات مانیں۔