سارک مجلس وزراء کے غیررسمی اجلاس کے بعد وزیرخارجہ جئے شنکر کا بیان
نیویارک ۔ 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ ایس جئے شنکر نے کہا ہیکہ جنوبی ایشیاء میں کسی ثمرآور تعاون کیلئے دہشت گردی کی تمام قسموں کا مکمل خاتمہ اولین و بنیادی شرط ہے۔ پاکستان پر مبہم انداز میں تنقید کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کی لعنت کے خلاف سارک اپنے فیصلہ کن اقدامات کرنے کے عہد کا پابند ہے اور یہی اس تنظیم کی ساکھ و صداقت بھی ہے۔ وزیرخارجہ نے جنوب ایشیائی تنظیم برائے علاقائی تعاون (سارک) مجلس وزراء کے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں سیشن کے موقع پر منعقدہ غیر رسمی اجلاس کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ ’’ہمارا معاملہ کوئی کھوئے ہوئے موقعوں کی داستان نہیں ہے بلکہ دانستہ طور پر پیدا کی جانے والی رکاوٹیں بھی ہیں اور دہشت گردی ان میں ایک ہے‘‘۔ جئے شنکر نے اجلاس سے کہاکہ تمام اقسام کی دہشت گردی کا خاتمہ نہ صرف ایک ثمر آور تعاون بلکہ بذات خود اس علاقہ کی بقاء کیلئے اولین و بنیادی شرط ہے۔ پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جئے شنکر کے افتتاحی بیان کا بائیکاٹ کیا اور کشمیر کے خصوصی موقف سے متعلق دستوری دفعہ 370 کی تنسیخ پر احتجاج کیا۔
