بیروت، 30مئی (آئی این ایس) جنوبی لبنان میں جمعرات کو اسرائیلی حملوں میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔ لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں بتایاہیکہ ایک اسرائیلی ڈرون نے نباتیہ فوکا کی پہاڑیوں میں علی الطاہر جنگل کے داخلی راستے کو نشانہ بنایا جس میں میونسپل ملازم محمود عطوی کی موت ہوگئی۔ حملے کے وقت وہ موٹر سائیکل پر ڈیوٹی پر جا رہے تھے ۔ این این اے کے مطابق کفر قلہ گاؤں میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک اور شخص جاں بحق ہوگیا۔ 27نومبر 2024سے حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ نافذ ہے لیکن اس معاہدہ کے باوجود اسرائیلی فورسز کبھی کبھار لبنان میں حملے کرتی رہتی ہیں۔ اسرائیل کا دعویٰ ہیکہ اس کا مقصد حزب اللہ کے خطرات کو ختم کرنا ہے ۔ اسرائیل نے 18 فروری کو اپنی مکمل واپسی کی آخری تاریخ کے بعد بھی لبنانی سرحد پر پانچ بڑے اڈوں پر اپنی فوجی موجودگی برقرار رکھی ہے ۔