تل ابیب ۔26؍مارچ ( ایجنسیز )اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کا تیسرا فوجی جنوبی لبنان میں ہلاک ہوگیا۔ایک نیوز بریفنگ میں اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ گذشتہ رات ہوئے مقابلے کے دوران 21 سالہ اسٹاف سارجنٹ مارا گیا۔ ہلاک فوجی گولانی بریگیڈ کے ریکونیسنس یونٹ سے تعلق رکھتا تھا جبکہ ایک فوجی زخمی بھی ہوا ہے۔اس سے پہلے دو اسرائیلی فوجی 8 مارچ کو لبنان میں مارے جا چکے ہیں۔ 28 فروری کو ایران پر حملوں کے بعد سے شروع ہوئی جنگ میں اسرائیل کے اندر ایرانی حملوں میں مارے جانے والے اسرائیلیوں کی تعداد 17 ہوچکی ہے۔ دوسری جانب حزب اللّٰہ نے شمالی اسرائیل پر راکٹ اور ڈرون حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ لبنان کی مزاحمتی تنظیم کی جانب سے روزانہ اوسطاً 150 راکٹ فائر کیے جا رہے ہیں۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں 2,000 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا جس میں تقریباً 700 حزب اللہ کے مزاحمت کار مارے گئے۔ اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اپنی زمینی کارروائیاں تیز کر دی ہیں اور شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
ایران کو جلد مذاکرات کرنے ٹرمپ کی وارننگ
واشنگٹن ۔26مارچ ( ایجنسیز )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو جلد مذاکرات کرنے کی وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈیل کا وقت گزر رہا ہے۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے مذاکرات کار بہت مختلف اور عجیب ہیں۔ ایرانی ہم سے ڈیل کیلئے بھیک مانگ رہے ہیں انہیں ایسا کرنا بھی چاہیے کیوں کہ وہ فوجی طور پر تباہ ہوچکے ہیں اور ان کی واپسی کا کوئی امکان بھی نہیں ہے۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایرانی پھر بھی عوام میں کہہ رہے ہیں کہ وہ ہماری تجاویز کو صرف دیکھ رہے ہیں۔ یہ صحیح نہیں۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ایران کو دیر ہونے سے پہلے سنجیدہ ہوجانا ہوگا کیوں کہ جب وقت گزر گیا تو پھر کچھ نہیں ہوگا جو ہوگا وہ اچھا نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیوٹ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری ہے۔ صدر ٹرمپ فوجی کارروائی سے قبل سفارت کاری کو پہلا آپشن سمجھتے ہیں۔واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا تھا کہ ڈونالڈ ٹرمپ طاقت کے استعمال سے نہیں ڈرتے مگر سفارتکاری کو پہلا آپشن سمجھتے ہیں، اگر ضرورت پڑی تو ایران کو 20 گنا زیادہ شدید حملوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایران سے متعلق تمام آپشنز بدستور میز پر موجود ہیں۔