جنوبی لبنان میں حزب اللہ لیڈر کو گولی مار دی گئی

   

تہران 5 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران کی نیم سرکاری ‘فارس‘ نیوز ایجنسی نے بتایا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے اتوار کی صبح جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے رہنما محمد علی یونس کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ایرانی خبر رساں ایجنسی ’’فارس‘‘ کے مطابق یونس کی ہلاکت سے متعلق مزید کوئی تفصیل نہیں مل سکی۔ تاہم غیر سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مقتول بلدیہ جبشیت میں حزب اللہ کا رہنما تھا اور اس کا کام ’’ایجنٹوں اور جاسوسوں‘‘ کا پیچھا کرنا تھا۔یونس کی لاش ہفتے کے روز ظہر کے بعد ایک کار میں ملی۔ گاڑی قاقعیہ بل اور زوطر الغربیہ میونسپلٹیز کو ملانے والی شاہراہ کے کنارے کھڑی تھی جبکہ یونس کے جسم پر گولیوں و چھریوں سے وار کے نشانات تھے۔