تینوں مقامی عسکریت پسند حال ہی میں لشکر طیبہ میں شامل ہوئے تھے:پولیس
سرینگر ۔ 16 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) تین مقامی عسکریت پسند جو حال ہی میں دہشت گرد گروپ میں شامل ہوئے تھے، انہیں جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں سیکوریٹی فورسس نے انکاؤنٹر میں آج ہلاک کردیا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ یہ انکاؤنٹر منگل اور چہارشنبہ کی درمیانی شب اننت ناگ کے پازلپورہ علاقہ میں پیش آیا جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس کی طرف سے انٹلیجنس کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ تمام تینوں عسکریت پسندوں کو بے اثر کیا گیا ۔ ایک پولیس ٹیم نے دیگر سیکوریٹی فورسس کے ساتھ مل کر علاقہ میں جال بچھایا اور تلاشی مہم شروع کی ۔ اس نے موصولہ اطلاع کے مطابق عسکریت پسندوں کو تلاش کیا اور ان کا سامنا ہوا ۔ تینوں کو گھیر لیا گیا۔ تینوں نے مزاحمت کرتے ہوئے ایک مکان میں پناہ لے لی جس کے مالک نے ابتداء میں جھوٹ کہا کہ اس کے مکان میں کوئی نہیں لیکن سیکوریٹی ٹیم نے اپنا آپریشن جاری رکھا۔ محروس عسکریت پسندوں نے پہل کرتے ہوئے رات ڈھائی بجے فائرنگ شروع کی جس پر پولیس نے موثر جواب دیا ۔ اس انکاؤنٹر میں سارا مکان بندوق کی لڑائی کے سبب منہدم ہوگیا۔ نعشوں کو تدفین کے لئے متعلقہ فیملیوں کے حوالے کردیا گیا ہے۔ یہ تینوں میں عمر کے اعتبار سے سب سے بڑا ناصر گلزار عرف ابو حنان تھا، وہ اننت ناگ کے بیج بہارا کا ساکن تھا اور گزشتہ سال ستمبر میں ممنوعہ دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ میں شامل ہوا تھا۔ دیگر دو کی شناخت زاہد احمد لون اور عاقب احمد کی حیثیت سے کی گئی ۔