سیئول ۔ 15اپریل (سیاست ڈاٹ کام)عالمگیر وبا کے باوجود جنوبی کوریا میں چہارشنبہ کو ہونے والے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے لاکھوں لوگوں نے ماسک اور حفاظتی دستانے پہن کر پولنگ اسٹیشنوں کا رخ کیا۔کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے میں جنوبی کوریا کی کوششوں کو سراہا گیا ہے، جہاں حکام نے بڑے پیمانے پر ٹیسٹ کرائے اور شہریوں نے سماجی دوری سے متعلق حکومتی ہدایات پر عمل کیا۔ چہارشنبہ کے عام انتخابات میں لوگوں کی بڑی تعداد نے پولنگ اسٹیشنوں کا رخ کیا اور ووٹرز کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔ حکام کی طرف سے شہریوں کو ایک دوسرے سے کم از کم ایک میٹر کا فاصلہ رکھنے کی ہدایات دی گئی تھیں۔ لوگوں نے سرجیکل ماسک پہن رکھے تھے اور ڈسپوزبل دستانے چڑھا رکھے تھے۔پولنگ اسٹاف کے لیے بھی تمام حفاظتی سامان لازمی قرار دیا گیا تھا۔ پولنگ اسٹیشن میں داخلے کے وقت ووٹرز کا درجہ حرارت چیک کیا گیا اور ایسے لوگ جو بغیر ماسک کے آئے یا جنہیں بخار تھا، انہیں الگ کر کے ان کا ووٹ کاسٹ کرایا گیا۔پولنگ اسٹیشن میں داخلے کے وقت ووٹرز پر لازم تھا کہ وہ سینیٹائزر سے اپنے ہاتھ صاف کریں اور پلاسٹک کے ڈسپوزبل دستانے پہن کر اپنا ووٹ کاسٹ کریں۔