جنوبی کوریا ئی سمندر میں زخمیوں کو لیجانے والا ہیلی کاپٹر تباہ ، 7 ملاح لاپتہ

,

   

سیول ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا کے مشرقی ساحل سے قریب ایک ایمبولنس ہیلی کاپٹر کے حادثہ سے دوچار ہونے کے بعد بچاؤکاری عملہ کو ہیلی کاپٹر کا ملبہ تو مل گیا ہے لیکن اس میں سوار عملہ اور مسافرین اب تک نہیں ملے ہیں جن کے بارے میں یہ کہا جارہا ہیکہ وہ حادثہ میں زندہ نہیں بچے ہوں گے۔ اطلاعات کے مطابق ایک زخمی ماہی گیر کو لیکر ہیلی کاپٹر نے اڑان بھری تھی لیکن جنوبی کوریا کے کنٹرول والے چھوٹے جزیرہ ڈوکڈو میں وہ حادثہ کا شکار ہوگیا۔ مذکورہ چھوٹا جزیرہ اس وقت جاپان اور کوریا کے درمیان تنازعہ کا شکار ہے۔ رات دیر گئے سے درجنوں طیارے اور چھوٹے بحری جہاز اور ساتھ ہی ساتھ 30 غوطہ خوروں نے اس علاقہ کو کھنگالنے کا کام شروع کر رکھا ہے اور تلاش بسیار کے بعد پانی کے اندر 230 فیٹ کی گہرائی میں ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا۔ یہ اطلاع ٹیلیویژن پر کوریا کوسٹ گارڈ کے ایک عہدیدار ہوانگ سانگ ہوں نے دی۔ یہ بھی کہا جارہا ہیکہ ہیلی کاپٹر کے ملبہ کی گہرائی سے جانچ کی جائے گی کیونکہ یہ اندیشہ پایا جاتا ہیکہ اس میں کوئی نہ کوئی مسافر یا عملہ کی نعش موجود ہوگی۔