جنوبی کوریا: ’تنہا رہنے والے‘ نوجوانوں کو500 ڈالر ماہانہ دینے کا اعلان

   

سیول : جنوبی کوریا میں حکومت نے سوسائٹی سے کٹ کر تنہا رہنے والے نوجوانوں کو تقریباً 500 ڈالر ماہانہ دینے کا اعلان کیا ہے۔یہ رقم جنوبی کوریا کی وزارت برائے صنفی مساوات اور خاندان کی جانب سے جاری کی جائے گی اور اس کا مقصد ایسے نوجونواں کو دوبارہ سماجی دھارے میں واپس لانا ہے جو کسی بھی وجہ سے تنہا رہتے ہیں۔وزارت کی حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی کوریا کے 19 سے 39 سال عمر کے تقریباً 3.1 فی صد ’الگ تھلگ تنہا رہنے والے نوجوان‘ ہیں۔رپورٹ میں تنہا رہنے والی جوان آبادی کی تعریف بھی بیان کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ ایسے افراد ہیں جنہوں نے خود کو ایک خاص عرصے سے بیرونی دنیا سے کاٹ کر کسی خاص جگہ تک محدود کرلیا ہے اور انہیں معمول کی زندگی گزارنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔