جنوبی کوریا میں سابق وزیراعظم نئے صدارتی امیدوار

   

سیئول : 11 مئی ( ایجنسیز ) مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ جنوبی کوریا کی حکمران جماعت نے اپنے صدارتی امیدوار کو تبدیل کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم ہان ڈک سو کو نامزد کر دیا ہے۔یونہاپ نیوز ایجنسی کے مطابق یہ ڈرامائی فیصلہ ہان اور پیپلز پاور پارٹی (پی پی پی) کے درمیان مذاکرات کے بعد کیا گیا، جس نے پہلے کم مون سو کو آئندہ ماہ کے انتخابات کے لیے امیدوار نامزد کیا تھا،پارٹی نے کم کو امیدوار کے طور پر ہٹانے کے عمل کو شروع کرنے کے لیے ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ پارٹی اتوار کے روز اپنے فیصلے کا باضابطہ اعلان کرے گی۔ کم نے اس اقدام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ایک ‘‘نصف شب کی سیاسی بغاوت’’ قرار دیا۔ہفتہ کے روز کم نے سیول کی ایک عدالت میں پی پی پی قیادت کے فیصلے کو روکنے کے لیے ایک فوری حکم امتناعی بھی دائر کیا۔ اس سے پہلے، کم نے خبردار کیا تھا کہ وہ پارٹی کے فیصلے کے خلاف قانونی اور سیاسی اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا، ‘‘رات کی تاریکی میں ایک سیاسی بغاوت ہوئی۔ یہ غیر جمہوری عمل نہ صرف جنوبی کوریا کی آئینی تاریخ بلکہ دنیا کی تاریخ میں بھی بے مثال ہے۔’’انہوں نے خبردار کیاکہ میں اس صورتحال کے ذمہ داروں کو قانونی اور سیاسی طور پر جوابدہ ٹھہراؤں گا۔جنوبی کوریا 3 جون کو ایک ہنگامی صدارتی انتخاب منعقد کرے گا، جب آئینی عدالت نے سابق صدر یون سک یول کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔